پارکنگ نہ رکھنے والے شادی ہالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

August 28, 2015 4:47 pm0 commentsViews: 34

شہریوں کو شاہرائوں پر پارکنگ میں مشکلات کا سامنا ہے، کمشنر کراچی کاشادی ہالوں کو نوٹس جاری
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر کی اہم شاہراہوں پر قائم شادی ہالوں میں پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہال انتظامیہ کی جانب سے شاہراہوں پر ڈبل لائنوں میں پارکنگ کرا دی جاتی ہے جس سے ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔ ٹریفک پولیس نے کمشنر کراچی کو مکتوب ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر قائم شادی ہالوں کی انتظامیہ کے پاس گاڑیوں کی پارکنگ کا کوئی نظام موجود نہیں ۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کمشنر کراچی ایسے تمام شادی ہالوں کی انتظامیہ کو نوٹس جاری کریں اور ایک ماہ میں گاڑیوں کی پارکنگ اور متبادل جگہ کا انتظام کریں بصورت دیگر ایک ماہ میں شادی ہالوں کی انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ شہر میں آئے دن ٹریفک جام کے مسائل سے نجات کیلئے ٹریفک پولیس حکام نے شہر بھر میں اہم شاہراہوں پر قائم ایسے تمام شادی ہالوں کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جن کے پاس گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے کوئی متبادل نظام یا جگہ موجود نہیں ہے۔

Tags: