اورنگی میں مقابلہ2 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار ۔ مزید جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

August 28, 2015 4:57 pm0 commentsViews: 23

دونوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے قتل اغواء اور بھتہ خوری سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھے
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے اقبال مارکیٹ پولیس کی اورنگی ٹائون میں کارروائی‘ مقابلہ‘2 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار اسلحہ برآمد‘ تفصیلات کے مطابق رات گئے اورنگی ٹائون نمبر ساڑھے گیارہ قبرستان کے قریب خفیہ اطلاع پر اقبال مارکیٹ پولیس نے چھاپہ مارا تو وہاں دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی‘ پولیس کی جوابی فائرنگ سے2 دہشت گرد علی اور ارمان زخمی ہوگئے‘ دونوں کو حراست میں لے کر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا‘ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے‘ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے اور ملزمان قتل‘ اغواء برائے تاوان‘ بھتہ خوری سمیت متعدد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے‘ پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

لائنز ایریا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ
کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ نے بدعنوانی کے الزام میں لائنز ایریا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالطیف کو گرفتار کرلیا‘ دریں اثناء بد عنوانی کے الزام میں گرفتار اے ڈی او ایجوکیشن کریم بخش بروہی‘ کلرک جاوید ور عارف شمیم سمیت5 ملزمان کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا۔

کراچی پولیس نے چوبیس گھنٹوں
میں 185 ملزمان کو گرفتار کرلیا
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوںمیں چھاپہ مار کارروائی کے دوران185 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمدکرلیا،کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق کراچی کے تینوں زون کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں144چھاپہ مارکارروائیوںاور4مقابلوںکے بعد ایک ملزم کو ہلاک کیا جبکہ185ملزمان کو گرفتار کرلیا،گرفتارملزمان میںڈکیت،غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں21ملزمان،امتنائے منشیات ایکٹ کے تحت11ملزمان،8مفرورو اشتہاری جبکہ دیگرجرائم میں ملوث144ملزمان شامل ہیں، جن کے قبضے سے23پستول ،ایک دستی بم اور بھاری مقدارمیں منشیات برآمدہوئی ہے ،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

تین تھانوں کو مطلوب ملزم گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)سٹی کورٹ پولیس نے طاہر سیف الدین روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے تین تھانوں سپرمارکیٹ، عزیز بھٹی اور شیر شاہ پولیس کو مطلوب ملزم فیصل کو گرفتارکرلیا۔

فاروق ستار کا سابق کوآرڈینیٹر اہلیہ اور بچے سمیت گرفتار
رینجرز نے یوسف پلازہ سے تابش کو اہل خانہ سمیت حراست میں لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا
یونٹ146 کے انچارج رضوان کے گھر پر چھاپہ مار کر تلاشی لی گئی لیکن کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا
گلبرگ میں گھروں میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا
لانڈھی36 جی اور ملیر کھوکھراپار میں سرچ آپریشن کے دوران 35 افراد گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) رینجرز انٹیلی جنس نے فیڈرل بی ایریا بلاک نمبر 16 یوسف پلازہ میں قائم جی بلاک میں چھاپہ مار کر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کے سابق کو آرڈی نیٹر تابش‘ اسکی اہلیہ اور کمسن بچے کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر متنقل کردیا‘ رینجرز نے دوسرا چھاپہ146 یونٹ کے انچارج رضوان عرف نلی کے گھر مارا‘ چھاپے کے دوران رضوان نلی گھر میں موجود تھا جس کا قومی شناختی کارڈ چیک کیا اور گھر میں تلاشی لی گئی تاہم رضوان نلی کو حراست میں نہیں لیا گیا‘ ذرائع کے مطابق حراست میں لئے جانیوالا تابش مختلف سیکٹروں اور یونٹ میں کام کرچکا ہے‘ رینجرز انٹیلی جنس نے دوسری کارروائی گلبرگ کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک13 چاند مارکیٹ کے قریب گھروں میں کارروائی کرتے ہوئے 5مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ رینجرز انٹیلی جنس نے لانڈھی سیکٹر36 جی اور ملیر کوکھرا پار میں سرچ آپریشن کے دوران35 سے زائد افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

رشید گوڈیل پر حملہ، بہادر آباد سے متحدہ کے2 کارکن گرفتار
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دونوں کارکنوں کو تفتیش کیلئے خفیہ مقام پر منتقل کر دیا
کراچی( کرائم رپورٹر) رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کیس کی تحقیقات میں متحدہ بہادر آباد سیکٹر کے 2 کارکنوں کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا‘ ذرائع کے مطابق نیو ٹائون کے علاقے بہادر آباد میں متحدہ کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے میں ملوث 2 ملزم طارق اور جنید کو قانون نافذ کرنیو الے اداروں نے حراست میں لیا‘ ملزمان کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ بہادر آباد سیکٹر سے بتایا جارہاہے واضح رہے کہ متحدہ کے رہنما رشید گوڈیل 18اگست کو اپنی اہلیہ کے ساتھ ڈیفنس سے آرہے تھے کہ ان کی گاڑی پر بہادر آباد ناہید سپر اسٹور کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تھی جس میں رشید گوڈیل شدید زخمی ہوگئے تھے جبکہ ڈرائیور موقع پر ہلاک ہوگیا تھا۔

جعلی فیس بک اکائونٹ کے
ذریعے معروف خاتون نعت خواں
کو بلیک میل کرنیولا ملزم گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے معروف خاتون نعت خواں جویریہ سلیم کو جعلی فیس بک اکائونٹ کے ذریعے بلیک میل کرنے والے ملزم عزیز کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ۔