حکمران چنگ چی رکشوں کا مسئلہ حل نہیں کرنا چاہتے، نعیم الرحمن

August 28, 2015 5:30 pm0 commentsViews: 17

قبضے میں لیے گئے سی این جی رکشوں کو فوری چھوڑا جائے، صحافیوں سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ چنگ چی رکشہ اور سی این جی رکشہ بند ہونے کی وجہ سے 30 سے 40 لاکھ افرد ٹرانسپورٹ کے مسائل کا شکار ہوگئے ہیں اور اس روزگار سے وابستہ ہزاروں افراد بیروزگار اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں‘ کل ایک ڈرائیور نے حالات سے تنگ آکر خودکشی کرلی ہے‘ ہمارے دھرنے اور جرگہ سے حکمران پریشان ہیں لیکن وہ مسئلہ حل کرنے کو تیار نہیں ہیں جماعت اسلامی یہ مسئلہ حل کرائے گی‘ وزیر ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس ظلم ڈھانا بند کرے اور وہ چنگ چی اور سی این جی رکشے جن پر جرمانہ عائد کیا گیا اور انہیں پولیس نے اپنے قبضہ میں لیا ہوا ہے انہیں فی الفور چھوڑا جائے‘ عدالت عالیہ چنگ چی اور سی این جی رکشہ کے معاملے کا از خود نوٹس لے‘ ان خیالات کااظہا ر انہوں نے جمعرات کو ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت سی این جی اور چنگ چی رکشوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے حوالے سے بنائی جانیوالی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دے رہے تھے‘ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز‘ سیکریٹری عبدالوہاب ‘بحالی ٹرنسپورٹ کمیٹی کے صدر محمود حامد و دیگر بھی موجود تھے۔