رضویہ، منگھوپیر، گلشن معمار مقابلوں میں 6ملزمان ہلاک آج صبح، گلشن میں آپریشن 17افراد گرفتار

August 31, 2015 7:08 pm0 commentsViews: 31

کراچی کے مختلف علاقوں سے گرفتار ہونیوالے ٹارگٹ کلرز نے سانحہ چکراگوٹھ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا، کٹی پہاڑی سے مقابلے کے بعد دو ملزمان زخمی حالت میں پکڑے گئے
رضویہ پولیس نے لیاری ندی کے قریب مقابلے میں دو ملزمان کو مار ڈالا، منگھوپیر میں مسلح ملزمان کی پولیس پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں دو کارلفٹر مارے گئے، دوفرار ،باغ کورنگی کے قریب لوٹ مارکرنے والا کارلفٹر پولیس کی فائرنگ سے ہلاک، گلشن معمار میں پولیس نے لوٹ مار کرنے والے افغانی ڈاکو کو تعاقب کے بعد مار ڈالا، ساتھی فرار ہوگئے
رینجرز نے گلشن اقبال بلاک 13-D میں کیبل آپریٹر کے دفتر پر چھاپہ مار کر دوافراد کو حراست میں لے لیا جو متحدہ کے کارکن بتائے جاتے ہیں، جمالی گوٹھ اور مدینہ کالونی سے 15افراد پکڑے گئے، ملیر پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلرز نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، پولیس ذرائع
کراچی( کرائم رپورٹر) سیکورٹی اداروں نے شہر سے جرائم پیشہ عناصر‘ دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کیخلاف کارروائیاں تیز کردیں‘ منگھو پیر‘ رضویہ‘ گلشن معمار کے علاقے میں مقابلوں کے دوران کا رلفٹر اور ڈاکو سمیت 6 ملزمان کو ہلاک کردیا گیا‘ جبکہ رات گئے رینجرز اور پولیس نے گلشن اقبال میں آپریشن کرکے سیاسی جماعت کے کارکن اور کیبل آپریٹر سمیت 17 افراد کو حراست میں لے لیا‘ جبکہ سانحہ چکرا گوٹھ میں ملوث سیاسی تنظیم کے تین مبینہ ملزمان سمیت دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ واقعات کے مطابق رضویہ پولیس نے لیاری ندی کے قریب مبینہ مقابلے میں2 اہم ملزمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے‘ جن سے دستی بم ایک ایس ایم جی اور ایک ٹی ٹی پستول برآمد ہوا ہے‘ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور ملزمان پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے‘ اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے منگھو پیر کے علاقے میں کارروائی کی ‘وہاں موجود ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ سے2کار لفٹر مارے گئے جبکہ ملزمان کے2ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے‘ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل اور کار برآمد کرلی‘ ایس ایس پی ‘اے سی ایل سی عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ملزمان کار لفٹر اور شہر میں متعدد کاریں چھیننے کی وارداتیں کرچکے ہیں‘ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی ہے‘ ایس ایچ او عوامی کالونی خالد عباسی کے مطابق کورنگی سنگر چورنگی سے شاہ فیصل کالونی ندی کی طرف جانیوالی سڑک پر باغ کورنگی کے قریب تین مسلح ملزمان راہ گیروں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی اور فرارہونے لگے‘ اس دوران پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے‘ ایس ایچ او خالد عباسی کے مطابق ہلاک ہونیوالے ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے تاہم ملزم کے قبضے سے سرکاری ایس ایم جی برآمد ہوئی ہے‘ پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔گلشن معمار کے علاقے افغان کیمپ کٹ پر تین نامعلو م مسلح ملزمان نے محکمہ پولیس کے انسپکٹر نفیس الرحمان کو فیملی کے ہمراہ اسلحے کے زور پر روک کر لوٹ مار کی اور فرارہونے لگے ،اچانک پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی ،پولیس موبائل میںموجود اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کیا اور انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو35سالہ نامعلوم افغانی ہلاک ہوگیا اسکے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے افغان بستی میں داخل ہوگئے ،علاقہ خطرنا ک ہونے کی وجہ سے پولیس افغان بستی میں داخل ہونے سے قاصر رہی ،پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر ملزم کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

Tags: