آج صبح گرومندر پر اسکول کے اندر طالب علم نے طالبہ کو قتل کرکے خودکشی کرلی

September 1, 2015 2:00 pm0 commentsViews: 58

واقعہ گلشن فاطمہ اسکول میں پیش آیا جہاں سے دونوں کی لاشیں ملیں دسویں جماعت سائنس گروپ کے طالب علم تھے‘ پولیس نے اساتذہ اور بچوں کو شامل تفتیش کرلیا
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے گرومندر پر واقع گلشن فاطمہ اسکول کے اندر طالب علم نے طالبہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور بعد ازاں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی‘ تفصیلات کے مطابق دونوں دسویں جماعت کے طالب علم تھے‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح سولجر بازار تھانے کی حدود گرومندر پر واقع گلشن فاطمہ اسکول کے اندر سے لڑکا اور لڑکی لاشیں ملیں‘ جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا‘ پولیس نے بتایا کہ دونوں کی شناخت صبا اور نفروز کے نام سے ہوئی ہے‘ اور دونوں لڑکا لڑکی گلشن فاطمہ اسکول کے طالب علم تھے‘ دونوں لڑکا اور لڑکی دسویں جماعت سائنس گروپ کے طالب علم بتائے جاتے ہیں‘ پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ لڑکے نفروز نے صبا کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور بعد ازاں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی‘ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے‘ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے وقت اسکول میںکلاسز جاری تھیں‘ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے اور مذکورہ واقعے میں اساتذہ اور بچوں کو شامل تفتیش کررہے ہیں۔

Tags: