پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ آپریشن کا ردعمل ہے، وزیرداخلہ

September 1, 2015 2:03 pm0 commentsViews: 23

امیر حیدرشاہ کے قتل کیس میںپیشرفت ہوئی ہے، سی ویو پر تھانے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ حکومت جرائم کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے‘ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ آپریشن کا رد عمل ہے‘ امیر حیدر شاہ قتل کیس میں پیش رفت ہوئی ہے‘ کرپشن میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے‘ محکمہ پولیس سے کالی بھیڑوں کا مکمل صفایا کردیا جائیگا۔محکمہ پولیس میں بھرتیوں اور سامان کی خریداری کی مانیٹرنگ کیلئے بورڈ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور پہلی مرتبہ ایس ایچ او کی سطح پر فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں‘ فنڈز میں خرد برد برداشت نہیں کی جائیگی‘ محکمہ ایکسائز موٹر رجسٹریشن ونگ کو پابند کیا گیا ہے کہ ہرگاڑی شوروم کی سطح پر رجسٹرڈ ہونی چاہئے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سی ویو ساحل پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی و دیگر بھی موجود تھے‘ قبل ازیں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے میڈیا سے بات چیت رکتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کے حوصلے بلند ہیں‘ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے‘ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کاررائی جاری رہے گی۔

Tags: