کمسن لڑکے سے زیادتی کی ویڈیو بنا کر پیسے بٹورنے والا ملزم گرفتار۔ دیگر الزام و جرائم میں مزید گرفتاریاں

September 1, 2015 2:18 pm0 commentsViews: 42

دوسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے، عبدالستار نے 2افراد کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا
کراچی (کرائم رپورٹر)ڈاکس کے علاقے بابا آئی لینڈ میں نو عمر لڑکے سے زیادتی کے بعد اسکی ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کا مقدمہ دو ملزمان کے خلاف ڈاکس تھانے میں درج کرلیا گیا۔ ڈیوٹی افسر محمد انور کے مطابق عبدالستار نامی لڑکا جس کی عمر 13سال کے قریب ہے اس نے دو ملزمان ناصر اور نواز کے خلاف مقدمہ الزام نمبر386/15درج کرایا ہے جس میں ملزمان کے خلاف /77,384,385,368-B 34کے تحت دفعات درج کی گئی ہیں انہوں نے بتایا کہ ملزم نواز نے عبدالستار کے ساتھ زیادتی کی اور ناصر نے اسکی ویڈیو بنائی جس کے بعد وہ اسے بلیک میل کر کے پیسے بٹورتے تھے اور مذکورہ واقع ایک سال قبل کا ہے جس پر پولیس نے ملزمان کی تلاش کا عمل شروع کردیا ہے اور چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس کے چھاپے اور
مقابلے123 ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں اور مقابلے کے بعد123ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ،دستی بم اور منشیات برآمدکرلی۔کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کیئے گئے اعلامیئے کے مطابق کراچی کے تینوں زون کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں101چھاپہ مار کارروائیوں اور6مقابلوں کے بعد123ملزمان کوگرفتارکرلیا،جبکہ مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک کیا ،گرفتارملزمان میں2ڈکیت،1قتل،غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں21ملزمان ،امتنائے منشیات ایکٹ کے تحت30ملزمان،ایک مفرورو اشتہاری جبکہ دیگرجرائم میں ملوث61ملزمان شامل ہیں، جن کے قبضے سے دو کلاشنکوف اور30پستول اوربھاری مقدارمیں منشیات برآمدکرلی ہے ،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے
فیاض مرچنٹ بھی گرفتار
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) رینجرز نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے سینئر جنرل منیجر انجینئرنگ سروسز کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کے سینئر جنرل انجینئرنگ سروسز فیاض مرچنٹ کو رینجرز نے پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا۔ جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا ہے۔ رینجرز کی جانب سے اس سے قبل سوئی سدرن گیس کمپنی کے کئی اعلیٰ افسران کو حراست میںلیا جا چکا ہے۔

چائنا کٹنگ ناجائز آمدنی کی منتقلی پر منی ایکسچینج کے2 ملازمین گرفتار
ایف آئی اے نے چائنا کٹنگ کے مرکزی کردار چنوں ماموں، اہلیہ اور منی ایکسچینج کے ڈائریکٹر کو مقدمے میں نامز د کر دیا
رقم حوالہ کے ذریعے بیرون ملک بھیجنے پر منی ایکسچینج کا لائسنس منسوخ کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک کو خط
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے چائنا کٹنگ کے ذریعے حاصل آمدنی بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ کراچی میں چائنا کٹنگ کے مرکزی کردار چنو ماموں اور اس کی اہلیہ کے نام پر ناجائز طور پر لاکھوں درہم کے علاوہ ہزاروں پائونڈ حوالہ ہنڈی کرنے والے گوہر منی ایکسچینج کے2 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔ فارن ریگولیشن ایکٹ کے تحت منی ایکسچینج کمپنی کے لائسنس کی منسوخی کیلئے اسٹیٹ بینک کو خط ارسال کر دیا گیا جبکہ مقدمے میں احسن عرف چنوں ماموں، اس کی اہلیہ کے علاوہ منی ایکسچینج کے ڈائریکٹر اور دیگر نامزد کئے گئے ہیں۔ انسپکٹر منصور مہمند نے پہلے سے گرفتار اقبال رشید نامی بینکار کے انکشاف پر مقدمہ نمبر 2015/45 گوہر منی ایکسچینج کے معصوم الحسن اور امجد اقبال نامی ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ منی ایکسچینج کا ڈائریکٹر سید اشفاق بخاری اور ایک ملازم مفرور ہے۔ ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ میں پہلے سے گرفتار بینکار نے انکشاف کیا تھا کہ مذکورہ کمپنی کے ملازمین نے اس کے فراہم کر دہ 3 لاکھ یو اے ای درہم احسن عرف چنوں ماموں کیلئے جبکہ7 ہزار پائونڈ اس کی اہلیہ کے نام پر حوالے کے ذریعے منتقل کئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ رقوم اسٹاک ایکسچینج کراچی اولڈ بلڈنگ میں واقع گوہر ایکسچینج کمپنی اور لینڈ مارک پلازہ کی پہلی منزل پر موجود نوا ٹریولز کے ذریعے منتقل کی گئی ہیں۔ منتقلی کی تفصیلات کے مطابق مئی 2015ء میں دبئی کے گرینڈ مڈ ویسٹ ہوٹل کی خریداری کے لئے3 لاکھ درہم دبئی جب کہ فروری 2014ء میں پائونڈ منتقل کئے گئے۔

 

Tags: