کورنگی میں پولیس نے مقابلے کے دوران ڈاکو مارڈالا -دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاک و زخمی

September 1, 2015 2:17 pm0 commentsViews: 22

دومسلح ملزمان کارسوار فیملی کو روک کر لوٹ مار کررہے تھے اچانک پولیس پہنچ گئی اور مقابلہ شروع ہوگیا
پولیس کی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی، قبضے سے اسلحہ برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے کازوے روڈپر مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا،تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے ایس ایچ او شاہجہاں لاشاری نے بتایاکہ کازوے روڈ دو مسلح ملزمان کار سوار فیملی کو روک کر لوٹ مار کررہے تھے اچانک پولیس موبائل پہنچ گئی‘ پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 28سالہ نامعلوم ڈاکو شدید زخمی ہوگیاجبکہ ایک ساتھی ندی کی جانب فرارہوا جس کو پولیس تلاش کررہی ہے ،جبکہ زخمی ملزم اسپتال جاتے ہوئے راستے میںدم تو ڑ گیا ،پولیس نے ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی ،ملزم کی جامع تلاشی کے دوران کوئی چیز نہیں ملی جس سے شناخت ہوسکے ،پولیس نے ضابطیء کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سردخانے منتقل کردی،تاہم اسکے ساتھی کی تلاش جاری ہے ۔

قائدآباد میں بس کی چھت پر سفر کرنیوالا مسافر گر کر ہلاک
پاک کالونی اور راشد منہاس روڈ پر ٹرک اور گاڑی کی ٹکر سے دوموٹرسائیکل سوار زندگی کی بازی ہار گئے
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر قائدمیں ٹریفک حادثات ودیگر واقعات میں 3افراد جاںبحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے گولیمارگٹر باغیچہ کے قریب تیز رفتار واٹر بورڈ کے زیر استعمال ٹرک نے موٹرسائیکل سوارکوکچل ڈالا جس کے نتیجے میں35 سالہ عبدالرحمن ٰ ولد عبداللہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،جبکہ پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لیکر ڈارئیور کو گرفتار کر لیا۔قائد آباد کے علاقے مرغی خانہ اسٹاپ پر مسافر بس کی چھت سے گر 32سالہ صمدین خان ولد دیدار محمد سر گہری چوٹ لگنے سے موقع پرہی جاںبحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ،جہاں پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ،پولیس کے مطابق متوفی قائد آباد کارہائشی بتایاجاتا ہے ۔شاہراہ فیصل کے علاقے راشد مہناس روڈ نزد ملئینیم شاپنگ مال کے قریب تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار30سالہ نامعلوم شخص کو کچل دیا اور فرارہوگیا ،پولیس نے لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا تاہم شناخت نہ ہونے کے باعث پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سردخانے منتقل کردی۔

بغدادی میں فائرنگ سے خاتون زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر)بغدادی کے علاقے لیاری عیدو لین میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ عافیہ دختر رسول بخش زخمی ہوگئی۔

ماہ اگست میں پولیس اہلکاروں‘ وکیلوں اور بچوں سمیت 97 افراد کا قتل
لیاری اور دیگر علاقوں میں یکم اگست کو مسلح ملزمان کی فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے‘ 9 اگست کو 2 افراد قتل ہوئے
14اگست کو 4 شہری دہشتگردی کی نذر ہوئے‘ 28 اگست کو ملزموں نے وکیل سمیت 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا
کراچی( نیوز ڈیسک) شہر قائد میں بھر پور آپریشن کے باوجود دہشت گردوں نے ماہ اگست میں ایک پولیس افسر، 8 اہلکاروں ڈاکٹر، وکیلوں، خواتین اور بچوں سمیت 97 افراد کو موت کی نیند سلا دیا، رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے منصوبہ ساز اپنی سازش میں ناکام ہوگئے، رواں سال شہید پولیس اہلکاروں کی تعداد64 ہوگئی جس میں ایک ایس پی اور3 ڈی ایس پی بھی شامل ہیں جبکہ شہر قائد میں 8 ماہ کے دوران 738 افراد کو قتل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یکم اگست کو لیاری اور دیگر علاقوں میں نا معلوم ملزمان کی فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے، 2 اگست کو فائرنگ سے وکیل اشفاق جاں بحق ہوا۔ 3 اگست کو فائرنگ کے واقعات میں2 افراد لقمہ اجل بنے، 4 اگست کو دو خواتین سمیت3 افراد فائرنگ کی نذر ہوئے۔ 5 اگست کو دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے5 افراد کی جان لے لی، 6 اگست کو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے خاتون سمیت5 افراد کو قتل کیا،7 اگست کو شہر میں ملزمان کی فائرنگ سے3افراد قتل ہوئے۔ 8 اگست کو ملزمان نے فائرنگ کرکے کمسن بچی سمیت3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔9 اگست کو2 افراد کو قتل کیا گیا۔ 10 اگست کو فائرنگ سے ایک شہری لقمہ اجل بنا، 11 اگست کو بھی ایک شہری کو قتل کیا گیا۔12 اگست کو کورنگی میں ہوٹل پر کھانا کھانے والے اے ایس آئی عقیل اور3 پولیس کانسٹیبل اختر، جمیل اور ابرار حسین کو شہید جبکہ مختلف علاقوں میں3 شہریوں کی زندگی کے چراغ گل کئے گئے، 13 اگست کو دہشت گردوں نے 2 افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا، 14 اگست کو یوم آزادی کے دن بھی4 شہری دہشت گردی کی نذر ہوگئے۔ 15 اگست کو فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں ماں بیٹی سمیت5 افراد لقمہ اجل بنے۔ 26 اگست کو2 افراد، 27 اگست کو خاتون سمیت3 افراد کو قتل کیا گیا جبکہ پریڈی حملے کا پولیس اہلکار عبدالقیوم بھی زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔ 28 اگست کو فائرنگ سے وکیل امیر حیدر سمیت2 افراد، 29 اگست کو لیاری سمیت مختلف علاقوں میں ڈاکٹر عباس مرچنٹ سمیت5 افراد دہشت گردوں کی فائرنگ کی نذر ہوگئے۔ 30 اگست کو گلشن اقبال اتوار بازار کے قریب دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں شیر محمد اور نظام الدین جبکہ دیگر علاقوں میں3 افراد کو قتل کیا گیا۔

رہزنوں کی فائرنگ سے تین افراد زخمی
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے قائد آباد‘ لانڈھی اور میٹھادر میں رہزنوں کی فائرنگ سے3 افراد زخمی ‘ تفصیلات کے مطابق قائد آباد ایبٹ کمپنی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30 سالہ یار محمد زخمی ہوگیا‘ پولیس نے طبی امداد کیلئے زخمی کو اسپتال پہنچایا‘ پولیس نے بتایا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا‘ مانسہرہ کالونی لانڈھی میں رہزنوں کی فائرنگ سے35 سالہ محمد ہارون زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا‘ میٹھادر میں دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر رہزنوں کی فائرنگ سے ارسلان زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

آج صبح، لسبیلہ ندی سے بوری بند تشدد زدہ لاش ملی، مقتول کو اغوا کرکے گولیاں مار کر قتل کیا گیا، شناخت نہیں ہو سکی، پولیس
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے لسبیلہ ندی سے نامعلوم نوجوان کی بوری بند تشدد زدہ لاش ملی‘ تفصیلات کے مطابق گلبہار کے علاقے لسبیلہ ندی سے30 سالہ نامعلوم نوجوان کی بوری بند تشدد زدہ لاش ملی‘ جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی ‘پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا‘ پولیس نے بتایا کہ مقتول کو اغواء کے بعد بد ترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا اور بوری میں ڈال کر مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے‘ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی جیب سے کوئی شناختی چیز نہیں ملی ہے مقتول نے پینٹ شرٹ پہنا ہوا ہے اور شکل و صورت سے اردو اسپیکنگ معلوم ہوتا ہے‘ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کی شناخت کیلئے ایدھی ہوم منتقل کردی۔

 

Tags: