وفاقی حکومت سندھ میں کارروائیوں پر فوری نوٹس لے، وزیراعلیٰ

September 1, 2015 2:32 pm0 commentsViews: 21

صوبے میں وفاقی اداروں کی کارروائیوں میں صوبائی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے
وزیراعظم کو تحفظات سے آگاہ کرینگے، عبدالقادر بلوچ، ملاقات میں تبادلہ خیال
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے پیر کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں وفاقی وزیر ریاستی و سرحدی امور عبدالقادر نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر کو سندھ میں وفاقی اداروں کی کارروائی پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ اور ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی مجاز اتھارٹی کے علم میں لائے بغیر وفاقی اداروں کی صوبے بھر میں کارروائیاں حکومتی امور میں مداخلت اور صوبائی خودمختاری کے خلاف ہیں۔ ان کارروائیوں پر سندھ حکومت کو شدید تحفظات ہیں وفاقی حکومت کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر صوبائی حکومت کے تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے اور اس معاملے کو قانون کے مطابق حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ملاقات میں کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبالہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں سندھ خصوصاً کراچی میں افغان مہاجرین کی رجسٹریشن اور ان کی واپسی کے حوالے سے بھی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور اتفاق کیا گیا کہ اس معاملے پر تمام متعلقہ ادارے مل کر پالیسی کے مطابق کام کریں گے۔

Tags: