فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کیخلاف جلد مہم شروع کی جائیگی

September 1, 2015 2:38 pm0 commentsViews: 24

گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں کا خاتمہ کرنے کیلئے محکمہ ایکسائز کو پولیس کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا
موٹر رجسٹریشن ونگ میںبروکر سسٹم کا خاتمہ کیا جائے گا، صوبائی وزیر ایکسائز گیان چند
کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گیان چند اسرانی نے کہا ہے کہ گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں کا خاتمہ کرنے کیلئے محکمہ پولیس کے ساتھ محکمہ ایکسائز کو بھی ہم آہنگ کیا جائے گا اور محکمہ پولیس کی گاڑیوں کو بھی ایکسائز کے اسکیننگ سسٹم سے گزارا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کے ہمراہ صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فینسی نمبر پلیٹ لگانا غیر قانونی ہے۔ اس طرح کے معاملات آگے چل کر جرائم کے ساتھ نتھی ہوئے ہیں لہٰذا گاڑیوں پر فینسی نمبر پلیٹ لگانے والے کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید بر آں موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ گاڑیوں کی خرید و فروخت میں کاغذات کے ساتھ نمبر پلیٹ کے امر کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں۔ صوبائی وزیر ایکسائز اور وزیر داخلہ نے کہا کہ فینسی نمبر پلیٹ کے خلاف بہت جلد مہم شروع کی جائے گی جس میں اس طرح کی گاڑیوں کی ضبطی، جرمانہ اور سزا بھی شامل ہوگی اور اس کیلئے بہت جلد اخبارات اور الیکٹرونک میڈیا میں تشہیری مہم بھی چلائی جائے گی۔

Tags: