کاغذی بازار کے تاجر ارسلان کا قتل اولڈ سٹی ایریا کے تاجر دوسرے علاقوں میں منتقل ہونے لگے

September 2, 2015 4:17 pm0 commentsViews: 18

بھتہ خور مافیا پھر سرگرم ہوگئی‘ رقم نہ دینے پر جان لینے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا‘ تاجر ارسلان کو بھی بھتہ نہ دینے پر قتل کیا گیا
ڈی جی رینجرز اولڈ سٹی ایریا میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا نوٹس لیں نماز جنازہ کے موقع پر ایس ایم عالم کی بات چیت
کراچی( کامرس رپورٹر) شہر کے اولڈ سٹی ایریا میں بھتہ نہ دینے پر کاغذی بازار کے تاجر محمد ارسلان کے قتل سے اولڈ سٹی کی مارکیٹوں کے تاجروں میں زبردست خوف و ہراس، تاجروں کی لاشیں کب تک اٹھاتے رہیں گے۔ کاغذی بازار مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیم سراج نے نماز جنازہ کے موقع پر نمائندہ آغاز کے سوال پر بتایا کہ بھتہ خور مافیا عدم ادائیگی پر قانون سے بلا خوف فوری رد عمل کے طور پر جان سے مارنے سے گریز نہیں کرتی انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی کی مارکیٹوں کے تحفظ کی غیر یقینی صورتحال کے باعث کراچی تاجر دوسرے علاقوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہیں۔ اس موقع پر اولڈ سٹی تاجر اتحاد کے چیئر مین ایس ایم عالم نے اولڈ سٹی ایریا میں بھتہ طلبی کی وارداتوں کے دوبارہ شروع ہونے کو حکام بالا کیلئے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خامیوں کی نشاندہی کے باوجود اس کا تدراک نہیں کیا گیا انہوں نے ڈی جی رینجرز بلال اکبر سے اولڈ سٹی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اور اسٹریٹ کرائمز کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لینے کی اپیل کی میمن مسجد میں مقتول تاجر محمد ارسلان کی نماز جنازہ کے موقع پر تاجروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

Tags: