سندھ کو کرپٹ صوبہ ثابت کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی‘وزیر اعلیٰ

September 4, 2015 6:59 pm0 commentsViews: 20

عوام کی خدمت کی ہے اور کرتے رہیں گے کسی سے سر ٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے‘ کوئی ڈکٹیشن قبول نہیں کی جائیگی
سندھ حکومت پر چند وزراء کو ہٹانے کیلئے کسی جانب سے کوئی دبائو نہیں ہے کسی وزیر کو تعینات کرنا یا ہٹانا میری صوابدید پر ہے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کو کرپٹ صوبے کے طور پر پیش کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی‘ عوام کی خدمت کی ہے اور کرتے رہیں گے‘ انہیں کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے‘ انہوں نے سختی کے ساتھ اس بات کی تردید کی ہے کہ ان کی حکومت پر چند وزراء کو ہٹانے کیلئے کسی جانب سے کوئی دبائو ہے‘ جاری کردہ ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ بعض عناصر یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ان کی حکومت کو ان کی کابینہ کے چند وزراء ہٹانے کیلئے دبائو کا سامنا ہے جو کہ بالکل غلط اور حقائق کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا سربراہ ہوں اور کسی بھی وزیر کو تعینات کرنا یا ہٹانا ان کی اپنی صوابدید ہے اور اس حوالے سے ڈکٹیشن قبول نہیں کی جائیگی۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ ہر ایک محکمے بشمول وزراء کی کارکردگی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور میری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ گورننس بہتر ہو اور کرپشن کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائیگی۔

Tags: