سندھ کے عوام کے ترقیاتی فنڈز سے دبئی میں محل خریدے جارہے ہیں‘ عمران خان

September 4, 2015 6:59 pm0 commentsViews: 26

عام انتخابات میں دھاندلی کا سیج ڈھائی سال بعد سامنے آگیا ہے‘ اب ناقابل اعتماد ایمپائرز سے الیکشن نہ کرایا جائے
پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نکال دیا جائے گا‘ ہم اب پنجاب‘ سندھ اور بلوچستان میں تبدیلی لائیں گے‘ شکار پور میں جلسے سے خطاب
شکار پور، کندھ کوٹ( آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں کرپشن لوٹ مار ہو رہی ہے۔ ترقیاتی فنڈ سے دبئی میں محل خریدے جا رہے ہیں۔ جب کہ رینجرز کو دعوت دیتا ہوں کہ اگر خیبر پختونخوا میں کرپٹ لوگوں کو نہ پکڑ سکے تو وہ آکر پکڑیں۔ شکار پور میں جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں آنے کا مقصد بلدیاتی انتخابات کی تیاری ہے۔ سندھ کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے بلکہ یہاں بات کرپشن سے بھی آگے نکل کر لوٹ مار تک پہنچ چکی ہے۔ اور جو پیسہ سندھ کے لوگوں پر خرچ ہونا چاہئے وہ طاقتور لوگوں کی جیب میں جاتا ہے۔ عوام کے ترقیاتی منصوبوں کے پیسوں سے دبئی میں لوگ محلات بنا رہے ہیں۔ پچھلے5 سال میں سندھ کی ترقی پر900 ارب روپے خرچ ہونے تھے جو کرپشن کی نذر ہوگئے۔ سندھ کے لوگ بھی خیبر پختونخوا کی طرح تبدیلی چاہتے ہیں، گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی کا سچ ڈھائی سال بعد عوام کے سامنے آیا ۔ اب نا قابل اعتماد ایمپائرز سے الیکشن نہ کرایا جائے بلکہ ہم نیوٹرل ایمپائرز چاہتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جن لوگوں نے پارٹی میں ڈسپلن کی خلاف ورزی کی انہیں شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جب کہ ایسے تمام لوگوں کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔ کندھ کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اب وہ باقاعدگی سے صوبہ سندھ کے دورے کیا کریں گے۔ ہماری جماعت کے پی کے میں تبدیلی لے کر آئی، اب پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی وہی تبدیلی لے کر آئیں گے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ سندھ کی اہم سیاسی شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہونے جا رہی ہیں۔

Tags: