چنگ چی رکشوں کا مسئلہ حل کیا جائے، بسیں زیادہ خطرناک ہیں، سپریم کورٹ

September 4, 2015 7:12 pm0 commentsViews: 37

کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کیا کام کیا گیا ہے، کیا محکمہ ٹرانسپورٹ لوگوں کو گدھا گاڑی پر بٹھائے گا
سیکریٹری ٹرانسپورٹ، چنگ چی ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ محکمے مسئلہ کا حل تلاش کرکے آگاہ کریں، عدالت کے ریمارکس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے چنگ چی رکشہ کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے سیکریٹری ٹرانسپورٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ چنگ چی کو ریگولیٹ کریں، چنگ چی رکشہ کے حوالے سے تمام محکموں کو بلوائیں یہ اہم ایشو ہے اس پر کچھ کریں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے نمائندے سے استفسار کیا گیا کہ جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ تین وہیلر گاڑیاں محفوظ نہیں ہیں جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ لوگوں کو گدھا گاڑی پر بٹھائے گا کراچی کے ٹرانسپورٹ کے حل کیلئے کیا کر رہے ہیں؟ عدالت کو بتایا گیا کہ ماس ٹرانزٹ کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے لیکن زمین پر قبضہ ہوگیا ہے اس کیلئے کارروائی کی جا رہی ہے۔ جائیکا بھی تیار ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ زمین خالی کرانا آپ کا کام ہے آپ خالی کرائیں۔ جاپان والے پیسہ دے رہے ہیں وہ فوج تو بھیجنے سے رہے۔ عدالت نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کی عدم حاضری پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو بلایا جائے۔ وقفہ کے بعد سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحہٰ فاروقی عدالت میں پیش ہوئے جہاں عدالت نے ان سے گزشتہ روز عدالتی حکم پر میٹنگ کے حوالے سے استفسار کیا جس پر انہوں نے عدالت سے وقت مانگا تو عدالت کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آپ کی تقریر سننے کا وقت نہیں ہے کچھ کرکے دکھائیں اور جو بھی ہے لکھ کر دیں، کراچی کا حال سب نے دیکھا ہے اور دیکھ رہے ہیں۔ عدالت نے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری کوٹرانسپورٹ، متعلقہ، چنگ چی ایسوسی ایشن، چنگ چی بنانے والی کمپنیوں اور دیگر محکموں کے ساتھ میٹنگ کریں۔ اور مسئلہ کا حل تلاش کرکے آگاہ کریں۔ دوران سماعت عدالت کا سی این جی ایسوسی ایشن سے کہنا تھا کہ اگر قانون کے مطابق رکشہ میں سیٹیں رکھی جائیں تو عدالت حکم دے سکتی ہے۔ لیکن ایسوسی ایشن کی جانب سے مہلت طلب کی گئی جس پر سماعت پندرہ ستمبر تک ملتوی کر دی۔

Tags: