ضبط کردہ تین سی این جی رکشا پر اسرار طور پر جل گئے

September 4, 2015 7:13 pm0 commentsViews: 37

جرمانہ ادا کرکے مالکان ٹریفک پولیس کے کمپائونڈ پہنچے تو وہاں جلے رکشے کھڑے تھے
2روز قبل رکشے صحیح حالت میں تھے، رکشوں میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگی، ٹریفک پولیس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس کی جانب سے ضبط کئے گئے تین سی این جی رکشہ پر اسرار طور پر جل گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے شروع ہونے والی مہم کے دوران سائٹ ٹریفک سیکشن کی جانب سے4 اگست کو تین سی این جی چنگ چی رکشوں کو ضبط کیا گیا تھا۔ رکشہ مالکان جرمانہ ادا کرکے جب ٹریفک پولیس کے کمپائونڈ پہنچے تو وہاں جلے ہوئے رکشہ کھڑے تھے۔ پر اسرار طور پر جلنے والے رکشوں کے مالکان نے بتایا کہ دو روز قبل یہ رکشے صحیح حالت میں دیکھ کر گئے تھے، ٹریفک منشی نے ہم لوگوں سے مبینہ طور پر رشوت طلب کی تھی جسے ہم نے منع کر دیا تھا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شارٹ سرکٹ کے باعث رکشوں میں آگ لگ گئی تھی جو مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے۔

Tags: