تاجر آج بینکوں سے احتجاجاً لین دین نہ کریں، عتیق میر

September 4, 2015 7:14 pm0 commentsViews: 20

آمدنی کے بجائے امانتوں پر ٹیکس کیخلاف احتجاجی تحریک کامیابی تک جاری رہے گی
چوری اور سینہ زوری کا قانون نہیں چلنے دیا جائے گا، مارکیٹوں کے نمائندوں سے بات چیت
کراچی( کامرس رپورٹر) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئر مین عتیق میر نے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ جمعہ4 ستمبر کو بینکوں سے مکمل طور پر کاروبار بند کرکے انہیں غیر اعلانیہ ہڑتال پر مجبور کر دیں، آمدنی کے بجائے امانتوں پر ٹیکس کے خلاف احتجاجی تحریک کامیابی تک جاری رہے گی۔ جمعرات کو شہر کی مختلف مارکیٹوں کے نمائندگان سے ملاقات کے بعد عتیق میر نے پریس و میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا کہ چوری اور سینہ زوری کا قانون نہیں چلنے دیا جائے گا۔ بینک ٹرانزکشنز پر ٹیکس کے خلاف جنگ ’’ ہم نہیں یا تم نہیں‘‘ کی بنیاد پر لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا غیر لچکدار اور جارحانہ رویہ اشتعال انگیز ہے۔ بینک ٹرانزکشنز پر ٹیکس کے خلاف احتجاجی تحریک کی قیادت کرنے والے تاجر نمائندگان کو دھمکانے اور ڈرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ایجنٹ سن لیں تاجر کسی دبائو میں نہیں آئیں گے۔ تاجروں پر مزید سختی کی گئی تو سڑکوں پر آجائیں گے۔ جمہوریت پر اعتبار ختم آمریت کو نجات دہندہ سمجھنے پر مجبور ہوں گے۔

Tags: