60سالہ قدیم آبادی ہزارہ کالونی کے مکانوں کو گرانے کی تیاری

September 4, 2015 7:18 pm0 commentsViews: 26

وارڈ نمبر2 کے ہزاروں مکینوں کو بغیرنوٹس کے گرانے اور مکینوں کوبے گھر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے
مسلم لیگ ن انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم کی پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن سندھ میں انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے ووٹروں کو ہراساں اور پریشان کیا جا رہاہے۔ کراچی کی60 سالہ قدیم آبادی ہزارہ کالونی وارڈ نمبر2 کے ہزاروں مکانوں کو بغیر کسی نوٹس کے گرانے اور مکینوں کو بے گھر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جس کی پیپلز پارٹی کے کارکنان اور علاقے کے عوام نہ صرف بھر پور مزاحمت کریں گے بلکہ اگر کسی کارکن یا ووٹر کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ہوں گے۔ جن کے خلاف پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن ایف آئی آر درج کرائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لطیف مغل، منظور عباس و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ نجمی عالم نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ریلوے حکام ہزارہ کالونی کے ہزاروں مکینوں سے ان کے گھروں کو چھین کر سندھ کی زمینوں پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ ایسی کسی بھی کوشش کو پیپلز پارٹی کے کارکنان اور علاقے کے عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اور بھر پور مزاحمت کریں گے۔