لانڈھی میں سرکاری سرپرستی میں قبضہ کرایا جا رہا ہے، متحدہ

September 4, 2015 7:32 pm0 commentsViews: 29

پر امن شہریوں کی زندگیوں کو مفلوج بنایا جا رہا ہے، حقیقی کے لوگ کھلے عام بھتہ طلب کررہے ہیں
لانڈھی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قبضہ، شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، آصف حسین کی پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے مستعفی رکن قومی سمبلی سید آصف حسنین نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر منظم منصوبہ بندی کے تحت سرکاری سرپرستی میں حقیقی کا لانڈھی کے مختلف علاقوں میں قبضہ کراکر پر امن شہریوں کی زندگی کو مفلوج بنایا جارہا ہے‘ حقیقی کے لوگ عوام اور کاروباری حضرات سے کھلے عام بھتہ طلب کررہے ہیں اور ادائیگی نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں‘ حقیقی کی سرکاری سرپرستی میں لانڈھی سمیت شہر کے مختلف علاقوںمیں قبضہ شہر کا امن تباہ کرنے کی گھنائونی سازش کا حصہ ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کی شام لانڈھی میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عارف خان ایڈووکیٹ‘ ارشد حسن اور رضوان بابر و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے‘ سیدآصف حسنین نے کہا کہ حقیقی لانڈھی کے مختلف علاقوں میں دکانوں اور مارکیٹوں اور گھروںمیں ڈکیتیاں کررہی ہے‘ مارکیٹوں کی انتظامیہ اور یونینز کی جانب سے متعلقہ حکام کو کئی مرتبہ اس سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جاتا رہا ہے لیکن کوئی لانڈھی کے مظلوم تاجروں اور عوام کی داد رسی نہیں کررہا ہے‘ آصف حسنین نے کہا کہ گزشتہ ہفتے میرے عوامی دفتر میں حقیقی نے میری غیر موجودگی میں داخل ہو کر میرے دفتری اوقات کار بھی معلوم کئے تھے اور عملے کو ہراساں کیا تھا جس کی باقاعدہ درخواست بھی میں نے ایس پی آفس میں جمع کروادی تھی۔

Tags: