شہر میں رواں سال 15 لاکھ جانوروں کی قربانی متوقع آلائشیں اٹھانے کی تیاری جاری

September 4, 2015 7:31 pm0 commentsViews: 27

ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور ڈسٹرکٹ کونسل نے آلائشیں اٹھانے کیلئے 50 سے زائد زون قائم کرلئے
کے ایم سی اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی شکایات اور کنٹرول رومز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے‘ ایڈمنسٹریٹر کراچی کا اجلاس سے خطاب
کراچی (سٹی رپورٹر)کراچی میں رواں سال عیدالاضحی کے موقع پر 15 لاکھ جانوروں کی قربانی متوقع ہے جس کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی سمیت 6 ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور ڈسٹرکٹ کونسل نے قربانی کی آلائشوں کو اٹھانے کے لئے کراچی کے دیہی علاقوں سمیت 6 ڈسٹرکٹ میں 50 سے زیادہ زون قائم کئے ہیں جبکہ ہر یونین کونسل کی سطح پر سینٹر قائم کیا جائے گا تاکہ آلائشوں کو تیزی سے اٹھا کر دفن کردیا جائے اس کے لئے سینکڑوں گاڑیاں کرایہ پر لینے اور مزدوروں کی عارضی تقرری کا فیصلہ کیا گیا تاکہ معمول کا کام متاثر نہ ہو، اس بات کا فیصلہ جمعرات کوسوک سینٹر میں ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی، بلدیہ عظمیٰ کراچی، ضلعی میونسپل کارپوریشنز، ایئرفورس، ڈسٹرکٹ کونسل اور کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک ہفتہ قبل ہر ضلع کا تفصیلی دورہ کریں گے اور انتظامات کا خود جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور کے ایم سی کے شکایات و کنٹرول روم 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ ایئر فورس کے نمائندے نے بریفنگ میں بتایا کہ پی ایف بیس مسرور کے اطراف میں کچرے اور آلائشوں سے جہازوں کو خطرہ ہے اور 2006ء میں پرندے کی ٹکر سے ایک جہاز تباہ بھی ہوچکاہے۔ اس لئے ادارے شہر میں ایئرفورس بیس اور ایئرپورٹ کے اطراف میں آلائشیں اٹھانے پر خصوصی توجہ دیں۔

Tags: