50واں یوم دفاع ملی جوش اور قومی جذبے سے منایا گیا

September 7, 2015 2:52 pm0 commentsViews: 35

کراچی میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ریلیاں، 1965کی جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی50 واں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا گیا‘ کراچی میں یوم دفاع کے حوالے سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئی اور سیمینار منعقد ہوئے‘ جس میں1965 ء کی جنگ کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یوم دفاع کے حوالے سے کراچی کے عوام میں جوش و خروش پایا گیا اور مختلف مقامات پر 1965 ء کی جنگ کے موقع پر تیار کئے گئے ترانوں کی گونج سنائی دے رہی تھی‘ پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے تحت کراچی پریس کلب پر ریلی نکالی گئی اور طلباء نے سانحہ پشاور اور 1965 ء کی جنگ کی یاد میں ٹیبلو پیش کئے‘ سول سوسائٹی کی ریلی کی قیادت بشیر خاصخیلی نے کی‘ نیشنل پیس کونسل کے تحت بھی کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی‘ مسلم لیگ (ن) کے تحت رینجرز ہیڈکوارٹر سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء نے ڈھول کی تھاپ پر خٹک رقص کیا‘ ریلی کی قیادت (ن) لیگ کے رہنما رانا احسان‘ آصف خان‘ سعید اللہ خان آفریدی اور دیگر کررہے تھے‘ مقررین نے کہا کہ رینجرز نے کراچی میں امن قائم کیا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

واہگہ پر پرچم اتارنے کی تقریب شہریوں کا جوش و خروش
لاہور( یو پی پی) یوم دفاع پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں ملک بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اس موقع پر غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا تقریب میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد کے علاوہ پاک فوج کے افسران اور ان کی فیملیز نے بھی شرکت کی۔ فضا اللہ اکبر، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

یوم دفاع پر پاک فوج کے جنگی ہتھیاروں اور آلات کی نمائش
ملیر چھائونی میں ٹینکوں، بکتربند گاڑیوں اور چاق و چوبند دستوں کا مارچ پاسٹ توجہ کا مرکز رہا
کراچی( اسٹاف رپورٹر)) پاکستان آرمی کی جانب سے یوم دفاع کی گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر اتوار کو ملیر چھائونی میں پاک فوج کے زیر استعمال جنگی ہتھیاروں اور آلات کی شاندار نمائش منعقد کی گئی۔ نمائش میں ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں اور چاق وچوبند دستوں نے مارچ پاسٹ بھی کیا۔ نمائش میں رکھے گئے اسلحے اور جنگی آلات میں خواتین، بچوں اور دیگر نے خصوصی دلچسپی لی۔ تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل شہزاد نعیم خان، سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ آرمی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آج صبح یوم فضائیہ کے موقع پر کراچی میںراشد منہاس
کے مزار پر فضائیہ کے افسران کی حاضری
ایئر وائس مارشل سلمان احمد بخاری نے پھولوں کی چادر چڑھائی‘ فاتحہ خوانی بھی کی گئی
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) یوم فضائیہ کے موقع پر آج صبح کراچی میں پاک فضائیہ کے ایئر وائس مارشل سلمان احمد بخاری نے نشان حیدر پانے والے شہید راشد منہاس کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے چار و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ واضح رہے کہ پاک فضائیہ کے نشان حیدر پانے والے راشد منہاس شہید نے 1971ء کی جنگ میں پاک فضائیہ کا طیارہ اغواء کرکے بھارت لے جانے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

Tags: