دہشتگردوں کے مددگاروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لینگے جنرل راحیل شریف

September 7, 2015 2:52 pm0 commentsViews: 22

ہماری قومی تاریخ میں 6 ستمبر روشن باب ہے جب دشمن نے حملہ کیا تو بہادر افواج اور قوم نے وطن عزیز کا بھرپور دفاع کیا
کراچی اور بلوچستان میں امن قائم کرنے کیلئے سول اور ملٹری کوششوںکو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا‘ تقریب سے خطاب
راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دشمن نے کبھی بھی چھوٹی یا بڑی جارحیت کی تو اس کو نا قابل برداشت قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ جنگ روایت ہو یا غیر روایت، ہارٹ اسٹارٹ ہو یا کولڈ اسٹارٹ ہم تیار ہیں۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس روز جب دشمن نے ہماری سر زمین پر حملہ کیا تو ہماری بہادر مسلح افراد اور قوم نے وطن عزیز کا کامیابی سے دفاع کیا اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دو چار کیا مجھے انتہائی خوشی ہے کہ آج ہمارے درمیان اس جنگ کے غازی بھی موجود ہیں۔ 6 ستمبر1965ء کو گزرے ہوئے 50سال ہوگئے ہیں۔ اس عرصے میں پاکستان نے بہت سے اتار چڑھائو دیکھے لیکن میں پختہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ پورا ملک آج پہلے سے زیادہ مضبوط اور پاکستانی قوم پہلے سے زیادہ پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے مدد گار اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے،۔ کراچی اور بلوچستان میں بھی سول ملٹری کوششوں سے امن قائم کرنے میں بہت حد تک کامیابی ہوئی ہے۔ یہ عمل بھر پور طریقے سے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،۔ پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے نہایت اہم ہے۔ اس کو مکمل کرنا قومی فریضہ ہے۔ افواج پاکستان اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی۔ ٹی ڈی پیز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

Tags: