یوم دفاع پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام 5 دہشتگرد گرفتار ۔ مختلف جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

September 7, 2015 2:57 pm0 commentsViews: 23

قومی سلامتی کے اداروں اور پولیس کی اورنگی ٹائون میں کارروائی دہشتگردوں کے قبضے سے ہلاک پولیس اہلکار کی رائفل برآمد
گرفتار ہونے والوں میں طالبان کمانڈر بھی شامل ہے شہر میں بڑی کارروائی کیلئے منصوبہ بندی کررہے تھے
کراچی( کرائم رپورٹر) قومی سلامتی کے اداروں اور پولیس نے یوم دفاع پر کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے اورنگی ٹائون میں مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کے امیر اور کمانڈر سمیت 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ، بارودی مواد، دستی بم بر آمد کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کے اداروں اور پیر آباد پولیس نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب خفیہ اطلاع پر اورنگی ٹائون پراچہ قبرستان کے قریب مکان پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن میں کالعدم انصار الامہ کا امیر حافظ ادریس عرف حافظ، کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( سواتی گروپ) ضلع وسطی اور غربی کا کمانڈر قاری سراج عرف بڑا اسرار عرف چھوٹا گراف، عبدالرحمن عرف بریلوی عرف ابراہیم، عمران اللہ عرف عبداللہ اور سعید اللہ عرف قاری حماد شامل ہیں۔ ایس ایچ او شاہد کے مطابق دہشت گردوں کو مقابلے کے بعد گرفتار کیا جب کہ ان کے چند ساتھی فرار ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے شہید پولیس اہلکار سومار کی سرکاری ایس ایم جی رائفل، ایم پی فائیو رائفل، 9 ایم ایم پستول، 32بور پستول، ایک ہینڈ گرنیڈ، 3کلو بال بیرنگ ، ایک کلو بولڈ اور کیلیں، 9 والٹ کی بیٹری، 2 پلاسٹک کے سرکٹ شکل کی ڈبیاں، 200 گرام دھماکا خیز مواد اور25 گز وائر بر آمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم قاری سراج اور عبدالرحمن نے چند سال قبل متحدہ قومی موومنٹ کے ایم پی اے ساجد قریشی کو قتل کیا تھا اور پولیس اہلکار سومار کو قتل کرنے کے بعد اس کی سرکاری ایس یم جی رائفل چھین لی تھی جو بر آمد کر لی ہے جبکہ اس کے علاوہ ملزمان پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ ساتھ اورنگی ٹائون میں قائم امام بارگاہوں پر بم دھماکے کرنے میں ملوث رہے ہیں۔ ملزمان مذکورہ مقام پر بم تیار کر رہے تھے جس کے ذریعے6 ستمبر کو کسی سرکاری عمارت کو نشانہ بنانا تھا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ جس میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔ پولیس نے سرکاری مدعیت میں ملزمان کے خلاف7 مقدمات درج کرلئے۔

گلشن اقبال میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے 2ملزمان مقابلے کے بعد گرفتار
بلال کالونی پولیس نے اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر لے جانیوالے افراد سے لوٹ مارکرنیوالوں کو گرفتار کرلیا
کراچی( کرائم رپورٹر)عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال بلاک10طیبہ مسجد کے قریب مقابلے کے بعد زخمی حالت میں دو ملزمان مہراب خان رند اور رحمت علی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا ،پولیس کے مطابق ملزمان کو جب روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی تھی جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد زخمی حالت میں انہیں گرفتار کرلیا ۔نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے خمیسوگوٹھ میں مقابلے کے بعد ملزم لکمیر چانڈیو عرف لاکھو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔بلال کالونی پولیس نے بینک کی اے ٹی ایم مشین سے رقم نکالنے والے افراد کو لوٹنے والے دوملزمان مرتضی اور امین کو گرفتار کرلیا ۔

رینجرز نے9 ملزمان کو گرفتار کرلیا
کراچی(کرائم رپورٹر)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 9ملزمان کو گرفتار کرلیا،جن کے قبضے سے اسلحہ ودیگر سامان برآمد کرلیا۔پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق رینجرزنے خفیہ اطلاع ملنے پر ملت ٹائون،الا آصف اسکوائر اور گولی مار میں ٹارگیٹڈ کارروائیاں کی، پاک رینجرز کے جوانوں نے کارروائیوں میں 9ملزمان کو گرفتار کرلیا،گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرکے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

عوامی کالونی پولیس سے مقابلے کے بعد2زخمی ڈکیت گرفتار
گرفتار ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے، مقابلے میں زخمی ہوئے، اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد
خفیہ اطلاع پر پولیس نے کورنگی چکراگوٹھ کے بدنام منشیات فروش کو گرفتار کرکے چرس برآمد کرلی
صدرپولیس نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کرکے ایک ملزم سمیت 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا
کراچی (کرائم رپورٹر) عوامی کالونی پولیس نے مقابلے کے بعددو زخمی ڈکیت اور چکرا گوٹھ کا بدنام زمانہ منشیات فروش عادل عرف عدلو بلوچ کو گرفتار کرکے قبضے سے ڈیڑھ کلو چرس،اسلحہ،طلائی زیورات،موٹر سائیکل برآمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی تھانے کے ایس ایچ او سب انسپکٹر خالد عباسی نے بمعہ پولیس پارٹی کے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کورنگی چکرا گوٹھ کا بدنام زمانہ منشیات فروش عادل عرف عدلو بلوچ کو گرفتار کرلیا،پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ڈیڑھ کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی۔ایس ایس پی کورنگی نعیم احمد شیخ کے مطابق گرفتارملزم نے 2014میںزمان ٹائون تھانے کے اے ایس آئی امداد کو شناخت کرکے فائرنگ کرتے ہوئے زخمی کیا تھا اورچھاپے کے دوران رینجرز آفسر سے جی تھری چھین کر فرار ہوگیا تھا،ملزم پولیس مقابلے و متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔علاوہ ازیں ،عوامی کالونی پولیس نے سیکٹر 51/C باغ کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد دو ملزمان کاشف اور اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے انکے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی، گرفتار ملزمان مذکورہ مقام پر شہریوں سے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کررہے تھے ، سچل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شہزاد کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، صدر پولیس نے مختلف علاقوں میں ہفتے اور اتوار کی شب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے ملزم عارف مسیح سمیت 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ، پولیس کے مطابق عارف مسیح کے پاس سے ایک 30 بور پستول ملا ہے ۔

 

Tags: