شہر میں دودھ کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ‘ شہری انتظامیہ بے بس

September 7, 2015 3:21 pm0 commentsViews: 36

کراچی میں ایک کلو دودھ کی قیمت 84 روپے سے بڑھ کر 94 روپے ہوگئی‘ دہی کی قیمت میں بھی 20 روپے فی کلو کا اضافہ
ہول سیلرز مہنگا دودھ دیتے ہیں جس کے باعث پرانی قیمت پر دودھ کی فروخت ممکن نہیں ہے‘ دودھ فروشوں کا مؤقف
کراچی( کامرس رپورٹر) دودھ فروشوں نے تازہ دودھ کی فی کلو قیمت میں10 روپے من مانا اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد کراچی میں ایک کلو دودھ کی قیمت94 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔ دوسری جانب دودھ فروشوں کے سامنے شہری حکومت بے بس ہوگئی ہے۔ دودھ فروشوں کے مطابق انہیں بھینس کالونی کے ہول سیلرز مہنگا دودھ فراہم کر رہے ہیں جس کے باعث پرانی قیمت میں دودھ فروخت کرنا نا ممکن ہے، قیمتوں میں من مانے اضافے کے بعد کراچی میں ایک کلو دودھ کی قیمت84 روپے سے بڑھ کر94 روپے پر جا پہنچی ہے اسی طرح ایک کلو دہی کی قیمت میں بھی 20 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے اور دہی کی فی کلو قیمت140 روپے کر دی گئی، دودھ فروشوں کی جانب سے حکومتی نرخ کو نظر انداز کئے جانے اور خود ساختہ اضافے کے بعد دودھ کی قیمت سرکاری طور پر مقرر کئے گئے نرخوں سے24 روپے زیادہ ہوگئی ہے۔ دوسری جانب کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ دودھ کی سرکاری قیمت70 روپے فی کلو ہے۔ ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے کہ شہر میں سرکاری قیمت پر دودھ بیچا جائے۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Tags: