جنگیں قوم کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جاتیں، رضاربانی

September 7, 2015 3:29 pm0 commentsViews: 18

امریکی رہنما کو سیالکوٹ کا دورہ کرنا چاہیے تھا، بھارتی جارحیت پر کسی مسلم ملک نے آواز نہیں اٹھائی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج نے ہمیشہ آئین پاکستان کے تحت اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کی ہیں۔ جنگیں اس وقت تک نہیں جیتی جاتیں جب تک کہ قوم کا تعاون نہ ہو اور ہماری قوم ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑی رہی ہے چاہے وہ 1965 ء کی جنگ ہو یا حالیہ دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ، ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو وزیر اعلیٰ ہائوس کے بینکویٹ ہال میں پاکستان کے یوم دفاع کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کا اہتمام سندھ حکومت نے کیا تھا۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ بین الاقوامی سرحدوں، ایل او سی پاورکنگ بائونڈری پر کشیدگی جاری ہے۔ انہوں نے امریکی رہنما کے حالیہ دورہ پاکستان اور پاکستان کیلئے ڈومور کے مطالبے پر کہا کہ انہیں چاہئے تھا کہ وہ سیالکوٹ کا دورہ کریں۔ انڈیا کے جارحانہ رویہ اور او آئی سی کی جانب سے خاموشی پر بھی تنقید کی انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ جب بھی کسی مسلم ملک میں کوئی غلط بات ہوتی ہے تو اس کے خلاف سڑکوں پر نکل آتے ہیں مگر حیرت کی بات ہے کہ کسی ایک بھی مسلم ملک نے بھارتی جارحیت کے خلاف آواز بلند نہیں کی۔

Tags: