بلدیہ کراچی میں کرپٹ افسران کی فہرستیں تیار کرلی گئیں

September 7, 2015 3:33 pm0 commentsViews: 21

جلد کارروائی ہوگی افسران راہ راست پر آجائیں کسی کو نہیں چھوڑیں گے‘ ناصر حسین
کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلدیہ کراچی او پی ایس اور کرپٹ افسران کی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں‘ جلد ہی کارروائی شروع کی جانے والی ہے جو افسران بھی غلط کاموں میں ملوث ہوں گے چاہئے وہ میرے قریبی ہی کیوں نہ ہوں ان کیخلاف کارروائی کی جائیگی اور اچھی شہرت کے حامل افسران کی تعیناتی کی جائیگی‘ افسران کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ غلط کاموں میں ملوث نہ ہوںاور راہ راست پر آجائیں‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام فریئر ہال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے تین روزہ پلانٹ فیسٹیول اور محمد ریحان خان کی بنائی تصویروں کی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں وزیر بلدیات نے فیتہ کاٹ کر پلانٹ فیسٹیول کا افتتاح کیا اور مختلف پودوں کا معائنہ کیا‘ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے پارکوں اور تفریحی مراکز پر عوام کا حق ہے‘ یہاں کسی طور بھی قبضہ برداشت نہیں کیا جائیگا بلکہ پورے صوبے میں جہاں کہیں بھی لینڈ مافیا ہے اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔

Tags: