دھڑے بندی ن لیگ سندھ کے صدر اور جنرل سیکریٹری کے درمیان قبضے کی جنگ

September 7, 2015 3:51 pm0 commentsViews: 18

مسلم لیگ کی اہم ترین تقریبات میں بھی صدر اور جنرل سیکریٹری میں کوئی ایک ہی موجود ہوتے ہیں
پارٹی سربراہ نواز شریف کو دھڑے بندیوں سے آگاہ کرنے کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے‘ پارٹی عہدیداروں کا موقف
کراچی( نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو اور جنرل سیکریٹری سینیٹر نہال ہاشمی کے درمیان مسلم لیگ (ن) کراچی کی تنظیم پر قبضے کی سرد جنگ کا انکشاف ہوا ہے‘ اس سرد جنگ کو مسلم لیگی عہدیداران ڈویژن اور ڈسٹرکٹس کی لڑائی قرار دیتے ہیں اور اس کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی معاملات سخت متاثر ہورہے ہیں‘ اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی کتنی ہی اہم تقریبات ہو یا کوئی پروگرام سندھ کے صدر اور جنرل سیکریٹری دونوں میں سے کوئی ایک ہی موجود ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے ساتھ مفاہمت کی پالیسی کی وجہ سے اندرون سندھ مسلم لیگ (ن) سندھ کے اہم رہنمائوں کی توجہ نہیں لیکن کراچی کے تنظیمی معاملات پر ان کا سارا زور ہے‘ پارٹی کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور وزیراعظم نواز شریف ک علم میں یہ بات لائی جاچکی ہے کہ سندھ میں پارٹی کے اندر دھڑے بندیوں کے باعث پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے لیکن مرکزی قیادت کی جانب سے سندھ کے تنظیمی معاملات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جارہاہے۔

Tags: