ایم کیو ایم کا خطرہ ٹل چکا‘ ہر آدمی خود کو غیر محفوظ سمجھتا تھا عبدالقادر بلوچ

September 8, 2015 1:37 pm0 commentsViews: 24

وہ دور گزر گیا جب ایک شخص کی گرفتاری پر جلسہ ہوتا تھا اور لوگ جانوروں کی طرح بیٹھے زمین کھرچ رہے ہوتے تھے
عبدالقادر بلوچ کا بیان تعصب کا ثبوت ہے‘ ان سے مشاہد اللہ کی طرح استعفیٰ طلب کیا جائے‘ رابطہ کمیٹی کا مطالبہ
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا خطرہ ٹل چکا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے ایک تقریب میں کہا کہ ایک وقت تھا جب ایک شخص کی گرفتاری پر شام کو جلسہ ہوتا تھا۔ جس میں ایک لاکھ آدمی جانوروں کی طرح بیٹھے زمین کھرچ رہے ہوتے تھے۔ اب یہ دور گزر چکا ہے۔ ہر آدمی اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتا تھا تاہم اب وہ پانچ ہزار لوگ بھی اکٹھے نہیں کر سکتے، تقریب میں امریکی قونصل جنرل بھی شریک تھے۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کی جانب سے لاہور میں ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پر بیہودہ الزامات لگانے کو کھلی توہین قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ یہ بیان عبدالقادر بلوچ کی مہاجروں سے شدید نفرت اور تعصب کا ثبوت ہے۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ اگر عبدالقادر بلوچ نے حکومت کی پالیسی سے ہٹ کر بیان دیا ہے تو ان سے اسی طرح استعفیٰ لیا جائے۔ جیسے مشاہد اللہ خان سے لیا گیا تھا اور عبدالقادر بلوچ سے کہا جائے کہ وہ مہاجروں سمیت ایم کیو ایم کے تمام سپورٹرز سے غیر مشروط طور پر معافی مانگیں۔

Tags: