شہر میں چھاپے دودھ مہنگا فروخت کرنے پر ڈیری فارمرز سمیت 97 افراد گرفتار

September 8, 2015 1:42 pm0 commentsViews: 39

کمشنر کراچی کے حکم پر کارروئی‘ گرفتار افراد کو فی کس 50 ہزار روپے جرمانہ‘ 6 ماہ کیلئے جیل بھی بھیج دیا گیا
دودھ سرکاری قیمت سے زائد فروخت کرنے والوں کی گرفتاری میں غفلت کرنے پر پولیس کے خلاف کارروائی ہوگی‘ شعیب صدیقی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کے حکم پر کراچی کے تمام اضلاع کے مجسٹریٹس نے دودھ مہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فارمرز اور منیجرز سمیت 97 دودھ فروشوں کو گرفتار کرلیا اور ان میں سے کئی کو6,6 ماہ کیلئے جیل بھیج دیا گیا اور ان پر 50, 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں آل کراچی ڈیری فارمرز کمیٹی کے ارکان کو دکانداروں اور ہول سیلرز کو دھمکی دینے پر ان کے خلاف پرائس کنٹرول قانون کے علاوہ تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی کے حکم پر جن عہدیداروں نے دھمکی دی ہے فوری طور پر ان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور پولیس حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ ڈیری فارمرز کمیٹی کے عہدیداروں کو گرفتار کرے اور مقدمات درج کریں۔ کمشنر نے کہا کہ اگر پولیس کے کسی افسر یا اہلکار نے ان کی گرفتاری میں غفلت کی تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ صارفین سرکاری قیمت سے زائد قیمت پر دودھ نہ خریدیں اور اور اس سلسلے میں اپنی شکایت کنٹرول روم نمبر02199203443 – 02199205634 پر درج کرائیں۔ ان کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ڈیری فارمرز کی جانب سے دھمکی دی گئی ہے کہ اگر کارروائیاں بند نہیں کی گئی تو وہ دودھ کی سپلائی بند کردیں گے۔

ڈیری فارمز نے دودھ کی
قیمتوں میں اضافہ واپس لے لیا
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈیری فارمز ایسوسی ایشن کراچی، ملک ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ فیصلہ شہریوں کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔ ڈیری ایسوسی ایشنز نے کہا کہ انتظامیہ نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کمشنر کراچی نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

Tags: