دنیاپاکستان میں مضبوط جمہوریت دیکھنا چاہتی ہے،سبکدوش امریکی سفیر

September 8, 2015 2:05 pm0 commentsViews: 33

پاکستان میں سیکورٹی کی بہتر صورتحال سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے
دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ پوری قوم کی اولین ترجیح ہے، گورنر سندھ کی رچرڈ اولسن سے بات چیت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سبکدوش امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سیکورٹی کی بہتر صورتحال سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ دنیا پاکستان میں مضبوط جمہوریت دیکھنا چاہتی ہے جہاں لوگوں کو سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی آزادی حاصل ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے الوداعی ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات امریکی سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ پوری قوم کی اولین ترجیح ہے۔ ضرب عضب آپریشن کی کامیابی سے امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔

Tags: