مسلح افواج نے جرأت و شجاعت کی لازوال داستان رقم کی

September 8, 2015 2:05 pm0 commentsViews: 30

کراچی( پ ر) گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول پاکستان کوارٹرز نشتر روڈ میں6 ستمبر 1965 ء کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر معلم محمد اسلم نے کہا کہ6 ستمبر تجدید عہد وفا فوج کو سلام پیش کرنے، شہداء اور غازیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ پاک فوج نے اس دن قابل فخر تاریخ چھوڑی، 6 ستمبر65 کو بھارت نے ہمارے پاک وطن کی سرحد پر جنگ کا اعلان کئے بغیر بزدلانہ عیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور بارڈر پر حملہ کر دیا تھا۔ اس دن ہماری بہادر افواج نے اپنے سے5 گنا زیادہ طاقتور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا کر دنیائے عالم کو حیرت میں مبتلا کر دیا تھا دشمن کو یہ نہیں معلوم تھا کہ اس نے کس قوم کو للکارا ہے۔ دنیا میں وہی قومیں کامیاب اور تا دیر قائم رہتی ہیں جو اپنے ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں۔ 65 کی جنگ صرف ہماری فوج نے نہیں لڑی تھی بلکہ پوری قوم ساتھ تھی یہاں تک کہ بچوں میں اتنا جوش تھا کہ بارڈر پر بچوں کو روکنے کیلئے فوج لگانی پڑی، اسی لئے ہم نے بھارت کو شکست دی۔ آئیے ہم عزم کریں کہ وہ مل کر اس ملک ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔ طلباء نے ٹیبلو تقریر اور قومی ترانے کی صورت میں پاکستانی افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اس کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا تقریب سے کمال محمد صدیقی، محمد رفیع خان، اسماعیل چنہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا بعد ازاں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کی گئی اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔