تاجروں کی ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرانے کیلئے آرمی چیف راحیل شریف سے مداخلت کی درخواست

September 8, 2015 2:25 pm0 commentsViews: 20

جنرل راحیل دہشت گردی اور بھتہ خوری کے خاتمے کی طرح معاشی قتل عام روکنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں
تاجر برادری کو حکومتی غنڈہ ٹیکس سے نجات حاصل کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا، جمیل پراچہ
سندھ تاجر اتحاد اور اس میں شامل تمام تاجر تنظیمیں9 ستمبر کو مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کرینگی
تاجروں کو دیوار سے لگانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، مارکیٹوں کے دورے پر گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین احمد پراچہ نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جناب راحیل شریف صاحب سے بھی استدعا کرتے ہیں کہ جس طرح انہوں نے ملک بھر سے دہشتگردی اور بھتہ خوری کے خاتمے کے لئے کردار ادا کیا ہے۔ اسی طرح اب وہ اس ملک کے معاشی قتل عام کو روکنے کے لئے ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ تاجر برادری کو اب حکومتی غنڈہ ٹیکس کے نام پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس سے نجات کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔09ستمبر کو آل پاکستان انجمن تاجران کی اپیل پر ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی کامیابی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ سندھ تاجر اتحاد اور اس میں شامل تمام تاجر تنظیموں کی جانب سے 09ستمبر کو مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی جائے گی اور اس سلسلے میں ٹرانسپورٹ برادری اور عوام سے بھی رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور اس روز کراچی سمیت صوبے بھر میں مکمل کرفیو جیسا سماں پیدا کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی کی مختلف مارکیٹوں کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر اتحاد کے وائس چیئرمین کاشف صابرانی، جنرل سیکرٹری اسماعیل لالپوریہ،سلیم میمن، محمد ارشد، راشد علی شاہ، سلیم راجپوت، عبدالرحمان خان، آفرین صدیقی، عبدالغنی ، مرزا صادق بیگ،، محمد فہد، ایوب نظامی، محمد رفیق، محمد یحییٰ، احتشام، محمد رضوان عرفان اور دیگر نے بھی موجود تھے۔ جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اور بالخصوص وفاقی وزراء کی جانب سے تاجروں کو دیوار سے لگانے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے نام پر تاجروں سے بھتہ خوری کو ملک بھر کی تاجر برادری کسی صورت تسلیم نہیں کرے گی اور اب ہم چیف آف آرمی اسٹاف جناب راحیل شریف صاحب سے بھی استدعا کرتے ہیں کہ جس طرح انہوں نے ملک بھر سے دہشتگردی اور بھتہ خوری کے خاتمے کے لئے کردار ادا کیا ہے۔ اسی طرح اب وہ اس ملک کے معاشی قتل عام کو روکنے کے لئے ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوںنے کہا کہ سندھ تاجر اتحاد کے گذشتہ روز ہونے والے کنونشن میں تاجر برادری کی جانب سے12نکاتی چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر اس غنڈہ ٹیکس کے نفاذ کو 31دسمبر 2015 تکموخر کرے اور بعد ازاں ہمارے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر ہم سے مذاکرات کرے۔ انہوں نے کہا کہ 09ستمبر کی ہڑتال کے بعد بھی اگر حکومت نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو07اکتوبر کے بعد غیر معینہ مدت کی ہڑتال کردی جائے گی اور ملکی معیشت کی تباہی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہوگی۔

Tags: