ڈاکوئوں نے لیڈی پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد کو لوٹ لیا

September 8, 2015 2:25 pm0 commentsViews: 21

سول لائن، پولیس لائن میں مسلح ملزمان لیڈی کانسٹیبل کے گھر میں گھس کر لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہو گئے
گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والی خاتون کو لوٹ لیا
سائٹ میں حبیب بینک چورنگی کے قریب پیٹرول پمپ کے ملازمین سے7 لاکھ روپے چھین لیے گئے
کراچی(کرائم رپورٹر )شہر قائد میں نامعلوم ملزما ن نے لوٹ مار کے دوران شہری خاتون ،لیڈی پولیس اہلکاراور پیٹرول پمپ کے ملازمین سے ساڑھے 13لاکھ روپے سے زائد رقوم ،طلائی زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا ۔تفصیلات کے مطابق سول لائن کے علاقے ہجرت کالونی میں رہائش پذیر لیڈی پولیس کانسٹیبل ثمینہ کے گھر میں دومرد ایک خاتون کمسن بچے سمیت داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بناکرڈھائی لاکھ روپے نقد،5تولے سونا اور دیگرقیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے ،ایس ایچ او سول لائن وقار تنولی کا کہنا ہے کہ پولیس ڈکیتی کی اطلاع پر لیڈی اہلکار کے گھرپہنچی تو خاتون اہلکارنے اپنے بیان میں مختلف بیانات دیئے ،پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ کوئی ذاتی معلوم ہوتا ہے ،تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ،پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اہلکار پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں تعینات ہے ۔شاہراہ فیصل کے علاقے میںگلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب واقع حبیب بینک سے رقم لیکر نکلنے والی خاتون سے موٹر سائیکل سوار دومسلح ملزمان 4لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ،تاہم اس سلسلے میں ایس ایچ او اکبرچن کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ سائٹ اے کے علاقے حبیب بینک چورنگی کے قریب واقع نجی بینک کے قریب پٹرول پمپ کے دو ملازمین کیش جمع کروانے کے لئے بینک میں آ رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار ایک ملزم ان سے پیسوں سے بھرا بیگ چھین کر فرارہوگیا،ملازمین کے مطابق بیگ میں7لاکھ روپے کیش رقم موجودتھی۔ایس ایچ او شہزاد الیاس کے مطابق سی سی ٹی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوارملزم نے پٹرول پمپ کے ملازمین کو اسلحہ دکھائے بغیر بیگ اٹھایا اور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔انہوںنے بتایا کہ نہ تو پٹرول پمپ کے ملازمین نے مزاحمت کی اور نہ ہی قریب واقع نجی بینک کے سیکورٹی گارڈ نے ملزم پر فائرنگ کی۔ایس ایچ او کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملزم اور پٹرول پمپ ملازمین کی ملی بھگت سے واقعہ ہوا ہے اسلئے ہم نے دونوں ملازمین کو شامل تفتیش کر لیا ہے۔

Tags: