ماڈل کالونی میں تیز رفتار کار کھڑے ٹرک میں گھس گئی، ایک ہلاک۰ دیگر حادثات و جرائم میں مزید ہلاکتیں

September 8, 2015 2:30 pm0 commentsViews: 26

حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے تھے ایک دم توڑ گیا دوسرے کو طبی امداد دی جارہی ہے، جو ساتھ بیٹھا ہوا تھا
اسٹیل ٹائون کے علاقے میں گھگھر پھاٹک کے قریب ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والے کی شناخت نہیں ہو سکی
کراچی (کرائم رپورٹر )شہر قائد میں ٹریفک حادثات ودیگرواقعات میں نوجوان سمیت2افراد جاں بحق اور ایک نوجوان زخمی ہوا ۔تفصیلات کے مطابق ماڈل کالونی کے علاقے ملیر پرنٹنگ پریس کے قریب تیز رفتار کار سوار کھڑے ٹرک میں گھس گیا جس کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے جن کو پولیس نے اسپتال پہنچانے کی کوشش کی تاہم راستے میں 20سالہ سعاد حسین ولد سعید اختر حسین جاں بحق ہوگیا جبکہ 17سالہ علی حیدر ولد احمد علی کو طبی امداد دی جارہی ہے ،پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کار چلا رہا تھا اور زخمی اسکے برابر میں بیٹھا ہوا تھا ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ،پولیس کے مطابق متوفی ماڈل کالونی کاظم آباد کا رہائشی تھا ۔اسٹیل ٹائون کے علاقے گھگھر پھاٹک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر 30سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سردخانے منتقل کردی ،پولیس کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ۔

ابراہیم حیدری میں سمندر کے قریب
جھاڑیوں سے لاش برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر)ابراہیم حیدری کے علاقے سمندر کے قریب جھاڑیوں سے 35سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ،پولیس نے اطلاع ملنے پر لاش کو تحویل میںلیکر جناح اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او احمد شیخ نے بتایاکہ ڈاکٹروں نے کہنا تھا کہ متوفی نشے کا عادی تھا اورنشے کی زیادتی کی وجہ سے موت واقع ہوئی ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سردخانے منتقل کردی ۔

کورنگی میں گاڑی کی ٹکر
سے 14 سالہ لڑکا ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر)کورنگی کے علاقے پی این ٹی کالونی روڈ پر تیزرفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 14سالہ فراجت مسیح ولد فراست مسیح جاں بحق ہوا جس کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش اہلخانہ کے حوالے کر دی ۔

بارہ سالہ لڑکا پراسرار طورپر
ندی میں ڈوب کر ہلاک
کراچی(کرائم رپورٹر )کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے قیوم آباد ندی میں پراسرار طور پر ڈوب کر 12سالہ شہباز ولد نور محمد جاںبحق ہوگیا جس کی لاش قریبی اسپتال منتقل کی گئی ،جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کردی جس پر مشتعل اہلخانہ بغیر کسی کارروائی کے لاش لیکر چلے گئے، پولیس کے مطابق متوفی شہباز ندی کے بونڈری پر کھڑا ہوا تھا اس دوران پائوں سلپ ہونے سے ندی میں گر گیا جس کی لاش نکال کر اہلخانہ کے حوالے کردی ۔

بھٹائی کالونی میں اینٹی کرپشن کے اہلکار کو قتل کر دیا گیا
تین مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر48 سالہ غلام عباس کو گولیاں مار دیں، دو فرار ہو گئے
والد کے دوست آئے تھے تلخ کلامی کے بعد گولی مار دی، مقتول کی بہن کا پولیس کو بیان
کراچی(کرائم رپورٹر ) ابراہیم حیدری کے علاقے بھٹائی کالونی سیکٹر سی نزد مکان نمبر460کے قریب تین مسلح ملزمان نے گھر کے باہر اندھا دھند فائرنگ کرکے اینٹی کرپشن کے اہلکار 48سالہ غلام عباس ولد محمد افضل کو جاں بحق کردیا اور فرارہوگئے ،اس اطلاع پر پولیس نے موقع پرپہنچ کر لاش کو تحویل میںلیکر جناح اسپتال منتقل کیا ،جائے وقوعہ پر موجودایس ایچ او احمد شیخ نے بتایاکہ مقتول غلام عباس کی بیٹی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ والد کے دودوست آئے تھے جنھوں نے والد کو گھر سے بلایا اور گھر کے باہر ہی کھڑے ہوکر بات چیت کررہے تھے اس دوران ایک شخص مزید آیا جن سے میرے والد کی تلخ کلامی شروع ہوگئی ‘ان افراد نے والد پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے،پولیس نے مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پہلے آنے والے دو افراد دوروز قبل بھی گھر آئے تھے اور اہلخانہ ملزمان کو پہنچانتے ہے تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔

رات گئے، نصرت بھٹو کالونی کی موبائل شاپ پر ڈاکوئوں کا دھاوا، ڈکیتی مزاحمت پر اسپیشل سیکورٹی یونٹ کا اہلکار قتل
چار مسلح افراد موبائل شاپ میں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر تمام افراد کو یرغمال بنا لیا
مزاحمت کرنے پر تین افراد زخمی ہوئے، ایک دم توڑ گیا، مقتول کی اگلے مہینے شادی تھی
کراچی( کرائم رپورٹر) رات گئے نصرت بھٹو کالونی میں موبائل شاپ میں ڈاکوئوں کا دھاوا، ڈکیتی مزاحمت پر اسپیشل سیکورٹی یونٹ کا اہلکار قتل، 2 افراد زخمی، تفصیلات کے مطابق رات گئے شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود نصرت بھٹو کالونی میں عدنان موبائل شاپ کے اندر 4 مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر 3افراد کو یر غمال بنا لیا اور دکان میں موجود موبائل فونز، نقدی لوٹ کر فرار ہورہے تھے کہ یر غمال افراد نے مزاحمت کر دی جس پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے فائرنگ کے نتیجے میں 22 سالہ محمد رئوف ولد رشید، 19 سالہ جعفر ولد ریاض اور 30 سالہ شاہد ولد محمد حسین زخمی ہوگئے تینوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں محمد رئوف دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مقتول اسپیشل سیکورٹی یونٹ کا اہلکار اور حسن اسکوائر میں تعینات تھا، مقتول کی اگلے مہینے شادی تھی اور نصرت بھٹو کالونی کا رہائشی تھا۔

 

Tags: