اومنی گروپ زرداری کی سرپرستی میں چل رہا ہے، ڈاکٹر عاصم کا انکشاف

September 9, 2015 1:29 pm0 commentsViews: 51

گروپ کو عبدالغنی ولد انور مجید، اس کا بھائی عبدالغفور اور ماموں شیرشاہ چلاتے ہیں
یہ گروپ زرداری کے لیے جنگلات کی زمین پر قبضہ کرتا ہے اور غیرقانونی کام کرتا ہے
گروپ کے زیرقبضہ 6 ایکڑ زمین کی حفاظت کے لیے پولیس موبائلیں تعینات ہیں
کلفٹن میں بھی گروپ نے چند پلاٹس پر قبضہ کررکھا ہے، تفتیش کے دوران بیان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے اہم رہنما و سابق وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے مبینہ طور پر دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اومنی گروپ سابق صدر آصف علی زرداری کی سرپرستی میں چل رہا ہے اور اس گروپ کو عبدالغنی ولد انور مجید‘ اس کا بھائی عبدالغفور مجید اور ماموں شیر شاہ چلاتے ہیں‘ ایک نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے بتایا کہ اومنی گروپ آصف زرداری کی شکار پور رائس مل‘ دادو شوگر‘ ٹھٹھہ سیمنٹ فیکٹری‘ لاڑکانہ شوگرمل‘ ٹھٹھہ شوگر مل اور ایتھانول ڈسٹیلر کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ یہ گروپ صدر زرداری کیلئے جنگلات کی زمین پر قبضہ کرتا ہے اور لینڈ پر قبضہ کرتا ہے اور اس کے علاوہ اس گروپ کے کلفٹن میں بھی کچھ قبضہ شدہ پلاٹس ہیں جبکہ اس گروپ کے زیر قبضہ6ایکڑ زمین کی حفاظت کیلئے مبینہ طور پر پولیس کی موبائل تعینات کرنے کا انکشاف بھی کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم نے مزید بتایا کہ اومنی گروپ آصف علی زرداری کے تمام مالی معاملات کو ڈیل کرتا ہے اورصوبہ سندھ میں تمام سیکریٹریز‘ پولیس کے آئی جی اور ڈی آئی جی کی پوسٹنگز بھی اسی گروپ کے ذریعے بلاول ہائوس سے ہوتی ہیں اور اس کے علاوہ زمین کے معاملات تپیدار‘ مختار کار اور ڈی سی اوز کے ذریعے چلاتے ہیں‘ انہوں نے مزید بتایا کہ بلڈرز کو پروجیکٹس کی منظوری دینا اور ایم ڈیز کی تعینات بھی اومنی گروپ کے مرہون منت ہوتی ہے۔

Tags: