ڈیری فارمز اور ریٹیلرز نے دودھ قیمتوں میں اضافہ واپس لے لیا

September 9, 2015 1:47 pm0 commentsViews: 23

غلط مشورے پر قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جس سے دستبردار ہو رہے ہیں، سکندر ناگوری
کمشنر کراچی نے اعلان کے بعد دودھ فروشوں کیخلاف جاری کریک ڈائون ختم کر دیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن اور ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی جانب سے دودھ کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کے بعد دودھ فروشوں کے خلاف کریک، ڈائون ختم کر دیا ہے اور تمام مجسٹریٹس کو حکم دیا ہے کہ وہ دودھ فروشوں اور ڈیری فارمرز کی گرفتاری اور دکانیں سیل کرنے کی کارروائی روک دیں۔ جو دکانیں سیل کی گئی تھیں۔ انہوں نے انہیں بھی کھولنے کے احکام دیدیے ہیں کمشنر کراچی نے اس بات کا اعلان اپنے دفتر میں ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن اور ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ساتھ ملاقات کے بعد ان کی جانب سے میڈیا کے سامنے دودھ میں اضافہ واپس لینے کے اعلان کے بعد کیا۔ کمشنر نے کہا کہ ڈیری فارمرز نے یوم دفاع کے موقع پر دودھ کی قیمت میں اضافہ کرکے قوم کو انتہائی مایوس کیا۔ کمشنر نے میڈیا، سول سوسائٹی، شہریوں، انتظامیہ کے افسران، پولیس، پاکستان کوالٹی کنٹرول اور بیورو آف سپلائی سمیت تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا کہ یہ کوشش کامیاب ہوئی،۔ کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی سکندر ناگوری نے اس موقع پر میڈیا کے سامنے کہا کہ دودھ کی قیمت میں اضافے کا اعلان ان کی نادانی تھی۔ غلط مشورے کی وجہ سے انہوں نے فیصلہ کیا تھا جس سے وہ دستبردار ہو رہے ہیں۔

Tags: