دیہاتی احتجاجاً اپنی4 بیٹیاں فروخت کرنے پریس کلب پہنچ گیا

September 9, 2015 1:52 pm0 commentsViews: 25

جرگے نے سیاہ کاری کے جھوٹے الزام میں بیٹے پر16 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے، غلام رسول
جیکب آباد ( نیوز ایجنسیاں) جیکب آباد کے قریب جرگے میں دیہاتی کے بیٹے پر سیاہ کاری کا الزام ثابت ہونے پر16 لاکھ جرمانہ عائد کرنے کے خلاف دیہاتی احتجاجاً بیٹیاں فروخت کرنے کیلئے پریس کلب پہنچ گیا اطلاعات کے مطابق نواحی گائوں عبدالکریم کھوسہ کے رہائشی غلام رسول کٹوہر اپنی چار بیٹیوں 8 سالہ فوزیہ 6 سالہ شاہدہ، 4 سالہ رابعہ اور 2 سالہ زاہدہ کے ہمراہ پریس کلب پہنچا جہاں احتجاج کرتے ہوئے غلام رسول کٹوہر نے صحافیوں کو بتایا کہ کچھ ماہ قبل اہلکار غوث محمد کھوسہ نے میرے بیٹے شبیر کٹوہر پر سیاہ کاری کا الزام لگایا اور پولیس کے ہاتھوں گرفتار بھی کرایا۔ دیہاتی کامزید کہنا تھا کہ سیاہ کاری کا تنازع حل کرنے کیلئے مقامی وڈیرے محبت کھوسہ کے پاس جرگہ کیا۔ جس میں مخالفین کی ایماء پر جھوٹے الزام میں میرے بیٹے پر16 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جو کہ ادا نہیں کر سکتا۔ اس لئے احتجاجاً بیٹیوں کو فروخت کرنے کیلئے شہر پہنچا ہوں ڈسٹرکٹ پولیس افسر کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کیلئے نوٹس لے کر کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ‘

Tags: