دودھ کے بعد سبزیوں کی قیمتوں میں بھی ہوشر با اضافہ

September 9, 2015 1:53 pm0 commentsViews: 27

آلو کی قیمت20 روپے کے اضافے سے60 اور پیاز کی قیمت70 روپے فی کلو تک پہنچ گئی
عید الاضحی کے قریب آتے ہی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے ہونے لگا، پرائس کنٹرول کمیٹی خاموش
کراچی( کامرس رپورٹر) دودھ کے بعد کراچی والوں کیلئے سبزی کی قیمت بھی آسمان کو چھونے لگی سبزی فروشوں نے قیمتیں بڑھانے کی ذمہ داری آڑھتیوں پر اور آڑھتیوں نے سیلاب کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔ جبکہ مارکیٹ کمیٹیاں عوام کو سہانے سپنے دکھانے میں مصروف۔ تفصیلات کے مطابق کھیت سے منڈی اور منڈی سے سبزی فروشوں تک کا سفر صارفین کو دن میں تارے دکھا رہا ہے۔ یومیہ ہزاروں ٹرک سبزی منڈی میں پہنچنے کے باوجود آڑھتی رسد میں کمی کا رونا رو کر قیمتوں میں مسلسل اضافے کا جواز پیش کر رہے ہیں ذرائع کے مطابق عید قرباں کے قریب آتے ہی سبزی کے بڑے آڑھتی بنیادی استعمال کی سبزیوں میں30تا40 فیصد اضافہ کر دیتے ہیں، لیکن رواں سال80 سے 100 فیصد اضافے کرنے کے باوجود بلدیہ کی پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے کوئی سرگرمی ظاہر نہیں کی گئی رشوت ستانی کی چین مزید دراز ہو رہی ہے لیکن ارباب اختیار عوام کی مہنگائی کے ہاتھوں درگت انہیں نظر نہیں آرہی۔ کراچی کے گلی محلوں میں40 روپے کلو فروخت ہونے والا آلو 60 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح لیموں 100 فیصد اضافے کے ساتھ 200 روپے کلو لہسن 280 روپے کلو ادرک 320 روپے کلو، پیاز70 روپے کلو، ہری مرچ100 فیصد اضافے سے120 روپے کلو، ٹماٹر 40 روپے کلو، لوکی40 روپے سے80 روپے کلو، پالک 20 روپے اضافے سے 60 روپے کلو، مٹر160 روپے کلو، دھنیا10 روپے گڈی، پودینہ 15 روپے گڈی فروخت کیا جا رہا ہے۔

Tags: