مویشی چور سرگرم فیڈرل بی ایریا سے 3 دن میں 10 بکرے چوری

September 9, 2015 1:53 pm0 commentsViews: 2550

عیدالاضحی قریب آتے ہی جانوروں کی چوری کے واقعات بڑھ گئے مافیا کے کارندے چوری کے جانور غیر قانونی منڈیوں میں فروخت کررہے ہیں
فیڈرل بی ایریا میں چوری کے بڑھتے واقعات کے بعد لوگوں نے جانور اپنے گھروں کے اندر باندھنا شروع کردیئے‘ پولیس خاموش تماشائی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) عید قرباں کے قریب آتے ہی شہر بھر میں مویشی چور سر گرم ہوگئے۔ فیڈرل بی ایریا سے3 دن میں 10 بکرے چوری کر لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق مافیا کے کارندے چوری کے جانور غیر قانونی منڈیوں میں فروخت کر رہے ہیں۔ عید الاضحیٰ قریب آتے ہی جہاں شہر بھر میں مختلف مافیا اور کاروبار عروج پاتے ہیں وہیں مویشی کو چوری میں ملوث مافیا بھی سر گرم ہوجاتی ہے جانور چوری کرنے والے کارندے شہر کے پوش علاقوں کے ساتھ درمیانے درجے والے علاقوں میں موٹر سائیکل اور رکشوں میں بیٹھ کر گھومتے رہتے ہیں اور جس گھر کے باہر بھی بکرا بندھا ہوا مل جائے اسے فوری طور پر کھول کر موٹر سائیکل اور رکشے میں بٹھا کر فرار ہوجاتے ہیں۔ مافیا کے کارندوں کی کم از کم تعداد2 ہوتی ہے۔ جبکہ گائے چوری میں ملوث مافیا کی تعداد4 تک ہوتی ہے۔ صرف فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاک میں 3 روز کے دوران10 بکرے چوری کئے جا چکے ہیں جس کے بعد شہریوں نے اپنے بکرے گھروں کے اندر رکھنے شروع کر دئیے ہیں۔ مافیا کے کارندے مسلح بھی ہوتے ہیں اور بچوں کے پاس موجود بکرے چھین کر بھی فرار ہوجاتے ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے شہر میں منڈی لگانے کی اجازت نہ ہونے کے باوجود کچی آبادیوں اور گوٹھوں میں سیکڑوں کی تعداد میں منڈیاں قائم ہیں اور جانور چوری کرنے والے کارندے چوری شدہ جانور انہی منڈیوں میں فروخت کر رہے ہیں۔

Tags: