الطاف حسین کو ’’جسمانی‘‘ طور پر پاکستان لانے کیلئے ’’روحانی‘‘ پابندی لگائی جارہی ہے حافظ حسین احمد

September 10, 2015 3:38 pm0 commentsViews: 34

پیپلز پارٹی استعفے دے کر خودکشی نہیں کرسکتی 12 نومبر سے بلوچستان کے شجر اقتدار میں خزاں کا موسم شروع ہوگا
سندھ کے روایتی وڈیرے پیپلز پارٹی کے حالات کی ابتری میں اپنا نشیمن بدلتے رہتے ہیں‘ صحافیوں سے بات چیت
جیکب آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ الطاف حسین کو جسمانی طور پر پاکستان لانے کیلئے اس پر روحانی پابندی لگائی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی استعفے دے کر خود کشی نہیں کر سکتی۔ 12 نومبر سے بلوچستان کے شجر اقتدار میں خزاں کا موسم شروع ہوگا مگر بلوچستان کے حالات تبدیلی اقتدار سے منسلک نہیں آنے والے مالک اور جانے والے مالک دونوں نمائشی ہیں فیصلہ اصل مالک نے کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ توقع ہے کہ سردار ثناء اللہ زہری کی کوششیں بارآور ثابت ہوں گی۔ اگر درمیان میں ایک نواب کے بیٹے اور دوسرے نواب کے بھائی نے اقتدار کے رنگ میں بھنگ نہ ڈالا تو اقتدار کا ھما سردار ثناء اللہ زہری کے سر ہی بیٹھے گا، لیکن اقتدار کا ھما بظاہر آزاد پنچھی نظر آتا ہے۔لیکن اس کے پائوں میں بندھی رسی بلوچستان کے اصل مالک کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے روایتی وڈیرے پیپلز پارٹی کے حالات کی ابتری میں اپنا نشیمن بدلتے رہتے ہیں۔ عمران خان کا سندھ میں جال دیکھ کر سندھ میں آنا اچنبھے کی بات نہیں۔ عمران خان سندھ میں گرینڈ الائنس کیلئے راہ ہموار کریں گے۔

Tags: