کورنگی، تجاوزات کیخلاف آپریشن، پتھاروں کا خاتمہ

September 10, 2015 4:17 pm0 commentsViews: 26

ڈی ایم سی کورنگی، پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کرکے70 سے زائد کیبن اور ٹھیلے ہٹا دیے
بسم اللہ ہوٹل تا بمبئی نمکو فٹ پاتھوں پر لگے کیبنوں کیخلاف کارروائی کرکے شکایات دور کر دی گئی
کراچی ( پ ر) ڈی ایم سی کورنگی، پولیس، رینجرز کا تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن فٹ پاتھ پر لگے ہوئے 70 سے زائد کیبن، سڑکوں پر کھڑے ٹھیلے، گاڑیاں ہٹا دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پچھلے کئی دنوں سے عوام کی جانب سے یہ شکایات موصول ہو رہی تھی کہ بسم اللہ ہوٹل تا بمبئی نمکو فٹ پاتھوں پر لگے کیبنوں کی وجہ سے لوگوں کو آمد و رفت میں کافی عرصے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن متعدد شکایات کے باوجود بھی ان کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی کیونکہ کیبنوں میں موجود دکاندار اپنے کاموں کے سلسلے میں نہ صرف مین روڈ بلکہ اندر کی سروس روڈ بھی بلاک کر دیتے تھے۔ جس سے عوام کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جس پر ڈی ایم سی کورنگی، پولیس، رینجرز نے مشترکہ آپریشن کرکے نہ صرف ان کیبنوں کو وہاں سے ہٹوایا بلکہ بمبئی نمکو سے لے کرA-1 چپلی کباب تک روڈ کے دونوں سائیڈوں پر اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات کو کلیئر کیا گیا۔ نگرانی اسسٹنٹ کمشنر ولی محمد بلوچ، ڈی ایس آ ر ممتاز ( بھٹائی ونگ رینجرز) نے کی جبکہ ان کی سپورٹ کیلئے رینجرز، پولیس اہلکار بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی کورنگی قرۃ العین میمن نے کہا کہ وہ کسی کے روزگار کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتیں نہ ہی ان کے ادارے کی یہ پالیسی ہے لیکن عوام کے لئے مشکلات کا باعث بننے والی تجاوزات کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔

Tags: