ودہولڈنگ ٹیکس کا قانون ختم نہیں کیاجائیگا،وفاقی وزیرخزانہ

September 10, 2015 4:27 pm0 commentsViews: 29

مقصد ٹیکس میں اضافہ کرنا نہیں بلکہ معیشت کو دستاویزی بنانا ہے، ودہولڈنگ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے نہیں ہے، اسحق ڈار
حکمران معیشت کو مستحکم نہیں بلکہ تباہ کررہے ہیں، بینک ٹرانزیکشن پر ٹیکس کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا، تاجر رہنما
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ود ہولڈنگ کا مقصد ٹیکس میں اضافہ نہیں بلکہ معیشت کو دستاویزی بنانا ہے‘ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کیلئے نہیں‘ وزیر خزانہ نے تاجروں کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کا قانون ختم نہیں ہوگا۔ سیاسی جماعتیں معیشت کو سیاست سے الگ کردیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ملکوں میں شہریوں کو سہولتیں اس لئے حاصل ہیں کہ وہاں ٹیکس کا جی ڈی پی کے ساتھ تناسب زیادہ ہے جو کہ پاکستان میں انتہائی کم ہے۔دوسری جانب تاجر رہنمائوں نے کہا ہے کہ بینک ٹرانزیکشن کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔ تاجر رہنمائوں عتیق میر ‘جمیل پراچہ ‘اقبال میمن اور دیگر رہنمائوں نے کہا ہے کہ حکمران معیشت کو مستحکم نہیں بلکہ تباہ کررہے ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے بصورت دیگر تاجر اور صنعتکار اپنا کاروبار بند کرنے یا ملک سے منتقل کرنے پر مجبور ہوجائیں گے‘ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی تاجروں نے ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف ملک گیر شٹر دائون ہڑتال کی تھی۔

Tags: