شاہ فیصل کالونی، مسلح افراد کی فائرنگ سے سنی تحریک کا کارکن ہلاک ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاکتیں

September 10, 2015 4:31 pm0 commentsViews: 35

حملہ آور فرار، فائرنگ سے علاقے میں بھگدڑ، خوف و ہراس پھیل گیا، لاش ورثاء کے حوالے
مقتول32 سالہ محمد قاسم عرف ملا سنی تحریک بلال سلیم گروپ کا سیکٹر کمیٹی ممبر تھا
کراچی( کرائم رپورٹر)شاہ فیصل کالونی کے علاقے نمبر5چکورنالے کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 32سالہ محمد قاسم عرف ملا ولدفیاض کو شدیدزخمی کردیا اورفرار ہوگئے،فائرنگ کی آواز سے علاقے میں خوف وہراس وبھگڈ ر مچ گئی، مضروب کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا ،ایس ایچ او اعجازاحمدکے مطابق مقتول قاسم عرف ملا سنی تحریک بلال سلیم قادری گروپ کا سیکٹر کمیٹی ممبر تھا،جو اسی علاقے کارہائشی تھا،تاہم لاش کارروائی کے بعد گھر لائی گئی تو علاقے میں کشیدگئی پھیل گئی اور شاہ فیصل کالونی نمبر 5 اور اطراف کے علاقوں میں نامعلوم ملزمان نے زبردستی دکانیں بند کروادی ،جس کے سبب علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی۔

ایف بی ایریا میں42 سالہ
شخص نے خودکشی کر لی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بی ایریا بلاک15 میں گھر سے42 سالہ عثمان ولد محمد دیدار کی پھندا لگی لاش ملی، متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی، جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد ورثا لاش پولیس کارروائی کرانے سے انکار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے، اسپتال ذرائع کے مطابق متوفی نے گھر میں رسی کا پھندا لگا کر پنکھے کے کنڈے سے لٹک کر خودکشی کر لی، جوہر آباد تھانے کے ڈیوٹی افسر اے ایس آئی اکبر نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب عثمان نے خودکشی کی ہے، متوفی کے اہل خانہ خودکشی کی وجوبات بتانے سے گریز کررہے ہیں۔

ٹریفک حادثات اور دیگرواقعات میں3افراد ہلاک
شاہ لطیف میں گاڑی کی ٹکر سے یوسف اور بلدیہ میں ٹرک نے موٹرسائیکل سوار اسماعیل کو کچل دیا
زیروپوائنٹ میں اکرم ڈوب کر ہلاک ہوگیا، بھینس کالونی میں کرنٹ لگنے سے علی محمد جان گنوا بیٹھا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں نوجوان سمیت3افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سمندر میںڈوب کر ایک شہری جاں بحق ہوا ۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف کے علاقے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 16 سالہ یوسف خان جاں بحق ہوگیا، پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے جناح اسپتال پہنچایا، پولیس کے مطابق متوفی شاہ لطیف کالونی سیکٹر B کا رہائشی تھا ، ورثاء بغیر کسی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔بلدیہ کے علاقے بلدیہ نمبر 4 روڈ پر ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 45سالہ اسمعیل ولد دین بخش موقع پر جاں بحق ہوگیا، پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک تحویل میں لے لیا ،پولیس نے متوفی کی لاش سول اسپتال منتقل کی جہاں پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی پولیس کے مطابق متوفی اور نگی ٹائون قصبہ کالونی کا رہائشی تھا۔ماڑی پور کے علاقے زیرو پوائنٹ پر پکنک منانے کے دوران سمندر میں نہاتے ہوئے 27 سالہ اکرم ولد جمشید اڈوب گیا ،اس اطلاع پر لائف گارڈ اورایدھی کے غوطہ خوروں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعدکے بعد لاش نکال کر سو ل اسپتال پہنچائی ،جہاں اہلخانہ نے قانونی کارروائی سے گریز کیا اور لاش بغیر کارروائی کے لیکر چلے گئے۔سکھن کے علاقے بھینس کالونی روڈ نزد یوسف گوٹھ میں گھر کی چھت پر بجلی کے پول سے کنڈا لگا ہوتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 35سالہ علی محمدولدعمران جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قریبی اسپتال پہنچائیگئی۔

پٹیل پاڑہ میں لوٹ مار کرنیوالے ڈاکوئوں کی فائرنگ سے راہگیر بچہ ہلاک
فاطمہ بائی اسپتال کے قریب دو مسلح ملزمان نمکو کی دکان میں لوٹ مار کرکے فرار ہورہے تھے دکانداروں نے شور مچا دیا
شور سن کر سامنے بینک میں تعینات سیکورٹی گارڈ نے فائرنگ کردی ملزمان کی جوابی فائرنگ سے گولی بچے کو لگی ایک ڈاکو بھی زخمی ہوگیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پٹیل پاڑہ میں ڈاکو کی فائرنگ سے راہگیر بچہ جاں بحق،سیکیورٹی گارڈ نے ایک ملزم کو گولی مارکرزخمی کردیا جس کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ۔تفصیلات کے مطابق سولجر بازار کے علاقے پٹیل پاڑہ نزد فاطمہ بائی اسپتال کے قریب آغا نمکو کی دکان پر دو ملزمان نے داخل ہوکر لوٹ مار کی اور فرار ہونے لگے ،اس دوران دکانداروں نے شور شرابہ کیا تو دکان کے سامنے قائم یو بی ایل بینک پر تعینات سکیورٹی گارڈ نے فرار ہونے والے ملزمان پر فائرنگ کردی ،ملزمان نے بھی جوابی فائرنگ کی تو 10سالہ نامعلوم بچہ شدید زخمی ہوگیا جبکہ سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوا جس کو علاقے کے مکینوں نے پکڑ لیا اطلاع پر پہنچنے والی پولیس کے حوالے کردیا ،جبکہ زخمی ہونے والے بچینے اسپتال میں دم توڑ گیا ،پولیس نے سیکیورٹی گارڈ کو بھی حراست میں لے لیا ۔ایس ایچ او ارشاد سومرو نے بتایا کہ مقتول بچہ افغانی ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی ،جس کی شناخت کیلئے کوشش کی جارہی ہے ،انھوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والاملزم آکاش ولد دلیپ بھی شدید زخمی ہے جس کے قبضے سے تیس بور کی پستول اور لوٹی ہوئی رقوم وغیر ہ برآمد کرلی جس کو طبی امداد دی جارہی ہے ،پولیس کے مطابق بچے کو ملزم کی پستول کی گولی لگی ہے سیکیورٹی گارڈ کی گولی نہیں لگی ،سیکیورٹی گارڈ کو پوچھ گچھ اور بیان قلمبند کرنے کیلئے حراست میں لیا ہے جس کو رہاکردیا جائے گا ۔

 

Tags: