تحقیقاتی اداروں نے سندھ میں کرپشن کیخلاف کارروائی تیز کردی
نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران و ملازمین کا ریکارڈ طلب کرلیا
کراچی (سٹی رپورٹر) تحقیقاتی اداروں نے سندھ میں کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی تیز کردی ‘ تفصیلات کے مطابق نیشنل اکائونٹیبلٹی بیورو (نیب) نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے تمام افسران و ملازمین کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے، مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ہزاروں ملازمین کا ریکارڈ تحقیقاتی اداروں کو فراہم کرنے کیلئے افسران و ملازمین کی لسٹیں تیار کی جارہی ہیں جس کیلئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ محکموں کے افسران و ملازمین رات گئے تک ریکارڈ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 18 زون سمیت دیگر محکموں کے افسران و ملازمین کے ریکارڈ کی تیاری کیلئے خواتین اسٹاف کو بھی رات گئے تک دفاتر میں روکا جارہا ہے جس کے باعث خواتین ملازمین میں سخت بے چینی پھیل گئی ہے۔