قمرمنصور رہا، تنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوش

September 10, 2015 4:38 pm0 commentsViews: 25

متحدہ کے رہنما کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا گیا ، تفتیش جاری ہے پھر سے حراست میں لیاجاسکتا ہے، رینجرز
رابطہ کمیٹی نے تحریکی ساتھیوں کو قمرمنصور سے کوئی رابطہ نہ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کردی
کراچی (نیوز ڈیسک ) رینجرز نے ایم کیوایم کے رہنما قمر منصور کو49دن تک اپنی تحویل میں رکھنے کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کر دیا ہے، رینجرز کے لاء افسر کی طرف سے قمرمنصور کی رہائی سے متعلق رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرادی گئی ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور کو90روز کے ریمانڈ کے باوجود رہا کر دیا ہے قمر منصور کو22جولائی کو اپنی رہائشگاہ سے رینجر ز نے چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا جس کے بعد انکا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے90روزہ ریمانڈ لیا گیا تھا جسکو ابھی صرف 49دن ہوئے ہیں ۔ رینجر ز کے لاء افسر کی طرف سے انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق رینجزز نے قمر منصور کی علالت کے باعث انسانی ہمدردی کی بناء پر انکو رہا کیا ہے رپورٹ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قمر منصور کیخلاف تفتیش جاری ہے اگر وہ کسی سنگین جرم میں ملوث پائے گئے تو انکو پھرسے حراست میں لیا جائے گا انکے خلاف مقدمہ ختم نہیں کیا گیا ہے بلکہ بیماری کے باعث انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا گیا ہے انکے خلاف تفتیش کا عمل جاری رہے گا ۔دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سینئر رکن قمر منصور کو تمام تنظیمی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا۔ رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے ارکان کے مشترکہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قمر منصور کی ذہنی و جسمانی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں تحریک کی تمام تر ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے‘ رابطہ کمیٹی نے تحریکی کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ قمر منصور سے تحریکی معاملات میں کوئی رابطہ نہ رکھا جائے۔

Tags: