سیاسی انتقام کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے‘ آصف زرداری وفاقی ایجنسیوں کو بھی انتباہ

September 12, 2015 1:05 pm0 commentsViews: 17

پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ کو ایسے کیس میں سزا دی گئی جس میں ان کی جائیداد کے عوض ریاست نے انہیں رقم دی
وزیر اعلیٰ سندھ‘ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور سکندر میندھرو کی جیل میں علی نواز شاہ سے ملاقات‘ سزا چیلنج کا اعلان
دبئی/ کراچی( مانیٹرنگ / خبر ایجنسیاں) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی اداروں کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے علی نواز شاہ کو ملنے والی سزا سیاسی انتقام ہے۔ اس کے خطرناک نتائج بر آمد ہوں گے۔ ادھر قائد حزب اختلاف اور وزیر اعلیٰ سندھ علی نواز شاہ سے ملاقات کیلئے جیل پہنچ گئے، میڈیا رپورٹوں کے مطابق دبئی سے جاری بیان میں سابق صدر آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ کو احتساب عدالت کی جانب سے5 سال کی سزا پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علی نواز شاہ کو ملنے والی سزا سیاسی انتقام ہے، وفاقی اداروں کے ذریعے ہمیں ایک بار پھر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین کا کہنا تھا کہ سیاسی حلقوں میں علی نواز شاہ کو نہایت احترام حاصل ہے۔ علی نواز کو ایسے کیس میں سزا دی گئی جس میں ان کی جائیداد کے عوض ریاست نے انہیں رقم دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا سلوک کسی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سابق صدر نے متنبہ کیا کہ اس سیاسی انتقام کے مضمرات خراب ہوں گے۔ اور وفاقی ایجنسیوں کو چاہئے کہ وہ خود کو ایسی دلدل میں نہ پھنسائیں جس سے نکلنا ان کیلئے مشکل ہوجائے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر سکندر میندھرو نے سینٹرل جیل میں سندھ کے سابق وزیر زراعت علی نواز شاہ سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ علی نواز شاہ کو طبی سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں جس پر جیل حکام نے علی نواز شاہ کو جیل میں اے کلاس دے دی، اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ علی نواز شاہ کی سزا کا فیصلہ جلد چیلنج کیا جائے گا۔

Tags: