کراچی میں 2 سال میں مکمل امن قائم کردینگے‘ وزیراعظم بجلی قیمتوں میں کمی کا اعلان

September 12, 2015 1:08 pm0 commentsViews: 23

توانائی کے شعبے میں مختلف منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے‘ برآمدات کے فروغ کیلئے جلد حکمت عملی بنائی جائے گی
کسی بھی چیز سے خوفزدہ نہیں ہوں گے‘ نواز شریف کا صنعتکاروں اور تاجروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب‘ روپے کی قدرمیں کمی سے انکار
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک/ ایجنسیاں) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے روپے کی قدر کم کرنے کی تجویز مسترد کر دی اور کہا کہ حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانا چاہتی ہے جس کیلئے بجلی کی قیمتوں میں2 روپے19 پیسے فی یونٹ کمی کر رہے ہیں توانائی کے شعبے میں مختلف منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے۔ ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ کسی بھی چیز سے خوف زدہ نہیں ہونگے۔ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دہشت گردی اور خرابیوں کا مقابلہ کرینگے۔ کراچی آپریشن سے لوگوں کا اعتماد بحال ہوا، ایک دو واقعات سے گھبرانا نہیں چاہئے، ڈیڑھ دو برس میں مکمل امن قائم ہوجائے گا۔ میڈیا اور پولیس پر حملے دہشت گردوں کے آخری حربے ہیں۔ معاشی بحالی شروع ہو چکی ہے ملکی بر آمدات اور ریونیو میں اضافہ کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، کئی برسوں سے بر آمدات میں ترقی نہیں ہو رہی اس کے برعکس ہمارے ارد گرد کے ممالک کی بر آمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آخر اس کی کیا وجہ ہے وہ اس دور میں ہم سے آگے کیوں ہیں اس کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے اور علاج کیا جائے۔ حکومت پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز ایوان صنعت و تجارت کے عہدیداروں اور ملک کے بر آمد کنندگان اور پولیو سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں 2.19 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی اور استعداد کار میں بہتری کے فوائد صارفین کو منتقل کرتی رہے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قیمتوں میں کمی آئندہ مہینوں میں نان سبسڈی صارفین کیلئے بلوں میں عکاسی ہوگی۔ انہوں نے جون اور جولائی 2015ء کے ماہ کے لئے بجلی کی قیمت میں 2.14 روپے فی یونٹ کی کمی کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بر آمدات کے فروغ کیلئے حکمت عملی بہت جلد وضع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اور بر آمد کنندگان کی سفارشات اور آراء کی روشنی میں یہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران عالمی معیشت کی موجودہ مسابقانہ فضاء میں بر آمدات کے معیار اور مسابقت کو بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات بھی زیر بحث آئے۔ کراچی آپریشن کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ شہر کو ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں اور منافرت پھیلانے والی تنظیموں سے نجات دلانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ملک کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے جلد سخت اقدامات اٹھائے جائینگے۔ انہوں نے ماضی قریب میں کاروباری برادری کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کیا جس نے بالخصوص امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی برادری کے اعتماد کی بحالی کا ذکر کیا تھا،۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قومی لائحہ عمل کے آغاز کے ساتھ جمہوری حکومت نے ملٹری کورٹس قائم کیں جو انتہا پسندوں اور دہشت گردوں سے ملک کو نجات دلانے کیلئے ایک جرأت مندانہ اقدام کی عکاس ہیں۔ پاکستان کو جرائم سے پاک کرنے اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قوم کو متحد ہونا چاہئے۔ حکومت عدلیہ کی معاونت سے عدالتی نظام میں بھی بہتری لائی جائے گی۔

Tags: