بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ سکھر سمیت سندھ کے 8 اضلاع میں کاغذات نامزدگی جمع

September 12, 2015 1:20 pm0 commentsViews: 36

ہزاروں امیدواروں نے کاغذات جمع کرادیئے‘ 5 مختلف کٹیگریز کی 3861 نشستوں کیلئے مقابلہ ہوگا
یکم اکتوبر تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکتے ہیں‘ پہلے مرحلے کے انتخابات 31 اکتوبر کو ہوں گے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 8 اضلاع کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلے جمعہ کو مکمل ہوگیا۔ اس ضمن میں ہزاروں امیدواروں نے102 ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق سندھ کے 8 اضلاع گھوٹکی، خیر پور، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، کشمور اور شکار پور میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں8 اضلاع کے لئے 5 مختلف کیٹیگریوں کی3861 نشستوں کیلئے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، پہلے مرحلے کیلئے13 ستمبر سے18 ستمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ 24 ستمبر سے کاغذات منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔ 30 ستمبر کو ان اپیلوں پر فیصلہ ہوگا یکم اکتوبر تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکیں گے۔ 2 اکتوبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی جس کے بعد امیدوار اپنے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے جبکہ 31 اکتوبر کو پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے پولنگ ہوگی پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں، برادریوں، قبائل کے درمیان سیٹ ایڈ جسٹمنٹ اور اتحاد کے لئے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔

Tags: