عید پر ٹرینوں کی ٹکٹیں نایاب، پردیسی پریشان

September 12, 2015 1:36 pm0 commentsViews: 105

دوسرے شہروں کو جانے والوں کی کینٹ اور سٹی اسٹیشن پر لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں
عید پر ٹرینوں کے ساتھ اضافی بوگیاں اور خصوصی ٹرینیں چلانے کے باوجود ٹکٹوں کا حصول مشکل
کراچی( یو پی پی) عید الاضحیٰ کی آمد سے2ہفتے قبل ہی ٹرینوں کے ٹکٹ نایاب ہوگئے۔ ملک بھر کے پردیسی اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کیلئے ٹکٹوں کے حصول کیلئے سر گرداں موثر نیٹ ورکنگ سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو دو طرفہ ٹکٹ بھی فراہم نہیں کئے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی آمد کے موقع پر ٹرینوں کے ٹکٹ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے کراچی سے ملک کے دیگر شہروں میں جانے والے پردیسی شدید پریشان ہیں۔ سٹی اور کینٹ اسٹیشن کے ریزرویشن آفس پر مسافروں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ مسافروں نے شکوہ کیا ہے کہ کئی گھنٹے قطار میں کھڑے رہنے کے بعد کائونٹر پر موجود ریزرویشن افسر نے کہا کہ18 ستمبر سے25 ستمبر تک اکانومی کلاس کی کسی بھی ٹرین میں جگہ نہیں ہے۔ گھر والوں سے دور رہ کر بھلا کیا عید منائیں گے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ جب سے ریلوے انتظامیہ نے ٹرینوں میں بوگیوں کی تعداد کم کی ہے تب سے میٹھی عید اور عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹکٹیں نایاب ہوجاتی ہیں۔ انتظامیہ کو چاہئے کہ عید کے تہوار پر ٹرینوں میں اضافی بوگیاں لگائے۔ دوسری جانب ریلوے کا کمپیوٹرائزڈ ٹکٹنگ سسٹم زیادہ موثر نہ ہونے کی وجہ سے لنک ڈائون کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو دو طرفہ ٹکٹ کے حصول میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔

Tags: