ممبئی ٹرین بم حملوں میں12 مسلمان مجرم قرار

September 12, 2015 1:39 pm0 commentsViews: 29

ملزمان کو سزائے موت دی جا سکتی ہے، سرکاری وکیل،13 ویں ملزم کو بری کر دیا گیا
2006 میں ممبئی ٹرین بم حملوں میں189 افراد ہلاک اور800 سے زائد زخمی ہو گئے تھے
نئی دہلی( یو پی پی) بھارت کے شہر ممبئی کی ایک عدالت نے2006ء میں ٹرین میں ہونے والے بم حملوں کے الزام میں 12 مسلمانوں کو مجرم قرار دے دیا، ملزمان میں کمال احمد انصاری، تنویر احمد انصاری، محمد فیصل شیخ، احتشام صدیقی، محمد ماجد، شیخ عالم، محمد ساجد، مزمل شیخ، سہیل محمود، ضمیر شیخ، نوید حسین اور آصف خان شامل ہیں۔ ممبئی کی خصوصی عدالت نے13 ویں ملزم عبدالواحد شیخ کو عدم ثبوت پر بری کر دیا جبکہ باقی مجرموں کو پیر کے روز سزائیں سنائی جائیں گی۔ سرکاری وکیل نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو موت کی سزا بھی دی جا سکتی ہے اس بارے میں پیر کو بحث کی جائے گی اور اس کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا، میڈیا کے مطابق یہ حملے 11 جولائی 2006ء کو کئے گئے تھے اور جن میں ایک ساتھ7 مقامی ٹرینوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس سے189 افراد ہلاک اور800 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے مضافاتی ٹرینوں کے پہلے درجے کے کمپارٹمنٹ میں رکھے گئے پریشر ککر بموں سے کئے گئے تھے۔

Tags: