علی نواز شاہ کو جیل میں مکمل پروٹوکول اور سہولیات فراہم کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ

September 12, 2015 1:57 pm0 commentsViews: 38

اسیر رکن اسمبلی سے ملاقات کیلئے قائم علی شاہ اور خورشید شاہ سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کا جیل کا دورہ
علی نواز شاہ کی ضمانت جلد از جلد کرائی جائے، محکمہ قانون اور وکلاء کو خصوصی ہدایات جاری
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر رہنمائوں نے جمعہ کو کراچی سینٹرل جیل کا دورہ کیا اور جیل میں اسیر رکن سندھ اسمبلی سید علی نواز شاہ سے ملاقات کی‘ ذرائع کے مطابق اس موقع پر نیب کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے پر مشاورت بھی کی گئی‘ وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پر سید علی نوا ز شاہ کو جیل میں اے کلاس دے دی گئی ہے‘ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے علی نواز شاہ کی ضمانت کیلئے محکمہ قانون کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی نواز شاہ کے کیس کی پیروی میں سستی نہ کی جائے‘ انہوں نے جیل انتظامیہ کو احکامات دیئے کہ علی نواز شاہ کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں‘ ادھر وزیراعلیٰ ہائوس کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جیل میں علی نواز شاہ سے ذاتی حیثیت میں ملاقات کی ہے‘ وزیراعلیٰ سندھ اور علی نواز شاہ پرانے دوست ہیں اور دونوں نے ماضی میں پیپلز پارٹی کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ہے۔

Tags: